پاکستان
Time 05 دسمبر ، 2023

عمران خان کو نہ کابینہ اور نہ ہی گھر میں اختیار تھا، حکومت اعظم خان چلاتے تھے: پرویز خٹک

سابق پی ٹی آئی چیئرمین رات کو گھر جاتے اور صبح فیصلے تبدیل کردیتے، انہیں شعور ہی نہیں تھاکہ حکومت کیسے چلائی جاتی ہے: سربراہ پی ٹی آئی پی— فوٹو:فائل
سابق پی ٹی آئی چیئرمین رات کو گھر جاتے اور صبح فیصلے تبدیل کردیتے، انہیں شعور ہی نہیں تھاکہ حکومت کیسے چلائی جاتی ہے: سربراہ پی ٹی آئی پی— فوٹو:فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پارلیمنٹیرینز کے سربراہ پرویز خٹک نے انکشاف کیا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو  نہ کابینہ میں اور نہ ہی گھر میں اختیار تھا۔

نوشہرہ میں جلسے سے خطاب میں پرویز خٹک کا کہنا تھاکہ عمران خان اب ماضی کا حصہ بن چکے، ہمیں اب مستقبل کا سوچنا چاہیے، پاکستان کا مستقبل ان کے بغیر روشن ہے جبکہ مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی سمیت دیگرپارٹیوں نے باریاں بانٹ کرملک کاخانہ خراب کردیا اور رہی سہی کسر تبدیلی کے نام پر دھوکا دیکر بانی پی ٹی آئی نے پوری کردی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک ڈکٹیٹر کی شکل اختیار کرگئےتھے، وہ اپنے مخلص دوستوں کو بھی شک کی نگاہ سے دیکھنے لگے تھے۔

ان کا کہنا تھاکہ عمران خان کا کردار 22 کروڑ عوام نے خاور مانیکا کے منہ سے سن لیا ہے، میرے سینے میں بہت سے راز دفن ہیں، وقت آنے پر ان رازوں سے پردہ اٹھاؤں گا۔

سابق وزیر دفاع نے انکشاف کیاکہ عمران خان کو نہ کابینہ میں اور نہ ہی گھر میں اختیار تھا، انہیں کابینہ کے فیصلوں کا پتہ نہیں ہوتا تھا اور حکومت اعظم خان چلاتے تھے۔

انہوں نے کہاکہ سابق پی ٹی آئی چیئرمین رات کو گھر جاتے اور صبح فیصلے تبدیل کردیتے، انہیں شعور ہی نہیں تھاکہ حکومت کیسے چلائی جاتی ہے۔

مزید خبریں :