Time 06 دسمبر ، 2023
پاکستان

9 مئی کو بانی پی ٹی آئی کا چہرہ ’ہٹلر‘ کی شکل میں نظر آیا: احسن اقبال

اگر یہ چھپتے رہیں گے تو چھاپے پڑتے رہیں گے: احسن اقبال— فوٹو: فائل
اگر یہ چھپتے رہیں گے تو چھاپے پڑتے رہیں گے: احسن اقبال— فوٹو: فائل

پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ 9 مئی کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ریڈ لائن کو کراس کیا، جماعت کے بانی کا چہرہ ماضی کے ہٹلر کی شکل میں نظر آیا۔

ماڈل ٹاؤن میں واقع ن لیگ کی پارٹی سیکرٹریٹ میں خیبرپختونخوا کے دو ڈویژنوں سے امیدواروں کے انٹرویو کے بعد میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ تحریک انصاف نے منظم سازش کے ذریعے پاکستانی نوجوانوں کو اداروں کے خلاف کیا، پہلے پارلیمنٹ پر حملہ اور پھر 9 مئی کو جناح ہاؤس پر حملہ کروایا گیا، 9 مئی کو قائد اعظم کی حرمت خاکستر کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ انہیں سانحہ نو مئی پر مسلح افواج اور قوم سے معافی مانگنی چاہیے، اگر تحریک انصاف قوم سے معافی مانگے اور 9 مئی کے کرداروں کو پیش کر دے تو یقیناً ان پر کوئی سختی نہیں ہو گی اگر یہ چھپتے رہیں گے تو چھاپے پڑتے رہیں گے۔

ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ  مسلم لیگ ن ہی معاشی استحکام لا سکتی ہے، پی ڈی ایم کی اجتماعی کاوشوں سے پاکستان ڈیفالٹ سے بچ گیا لیکن افسوس، 1997 کے دور میں دھکیلے جا چکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جو بھی منتخب حکومت آئے پانچ سال کیلئے آئے اور پاکستان کی ترقی کی اصلاحات پر عمل کرے۔

خیبرپختونخوا سے ن لیگ کے صدر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے دو بڑے ڈویژنوں کے امیدواروں کے انٹرویو کیے ہیں، جو جذبہ اس دفعہ ہے وہ 2018 میں نہیں تھا، خیبرپختونخوا پہلے بھی مسلم لیگ ن کا گڑھ تھا اب بھی رہے گا۔

خیال رہے کہ لاہور میں ہزارہ اور مالاکنڈ ڈویژنوں کے امیدواروں کے چناؤ کیلئے نواز شریف اور شہباز شریف کی زیر صدارت ن لیگ کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں مریم نواز اور اسحاق ڈار سمیت دیگر پارٹی رہنما بھی شریک ہوئے۔

مزید خبریں :