06 دسمبر ، 2023
قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمدالثانی نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ مقبوضہ فلسطین پر قابض حکام نے تمام انسانی اقدار کی خلاف ورزیاں کی ہیں، اسرائیل کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ قبضے کا دور ختم ہو چکا ہے۔
قطر کے دارالحکومت دوحہ میں گلف کوآپریشن کونسل کے 44 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیر قطر نے سلامتی کونسل سے اسرائیل کومذاکرات کی میزپرواپس لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عارضی جنگ بندی، مکمل جنگ بندی کا متبادل نہیں ہو سکتی۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ فلسطین پر قابض حکام نے تمام انسانی اقدار کی خلاف ورزیاں کی ہیں، عالمی برادری کی اسرائیلی کارروائیوں کو طویل عرصے تک جاری رکھنے کی اجازت دینا شرمناک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ قبضے کا دور ختم ہو چکا ہے، ہم غزہ میں شہریوں کے قتل کی مذمت کرتے ہیں۔