06 دسمبر ، 2023
امریکا میں ڈکیتی کی ایک دلچسپ واردات سامنے آئی ہے جب ڈاکوؤں کو اپنی مطلوبہ چیز نہ ملنے پر انہوں نے لوٹا ہوا سامان واپس مالک کو لوٹا دیا۔
کافی مرتبہ سننے میں آیا ہے کہ ڈاکو کسی کی مخبری پر کچھ مخصوص سامان لوٹنے آئے اور انہیں وہ نہ ملا لیکن کبھی کسی ڈکیت یا چور نے چھینا یا لوٹا گیا سامان واپس نہیں لوٹایا۔
گزشتہ ماہ واشنگٹن ڈی سی میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں ایک شخص مسلح ڈکیتی کا شکار ہوا جس میں دو ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر اس سے جیب میں موجود ہر چیز چھین لی جس میں فون، پیسے اور گاڑی کی چابیاں شامل تھیں۔
غیر ملکی میڈیا کو یہ تجربہ بتاتے ہوئے مذکورہ شخص نے بتایا کہ ایک دن اسے گھر آنے میں دیر ہوگئی، رات کا وقت تھا اور وہ فلیٹ کے باہر گاڑی پارک کررہا تھا اور بیوی اس کے ساتھ تھی کہ 2 موٹرسائیکل سوار آگئے۔
خاتون نے تکلیف دہ واقعہ سناتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے شوہر سے ہر چیز لے لی، جیسے ہی انہوں نے فون لیا تو فون آن کیا اور پھر آگے پیچھے سے دیکھا، بعدازاں وہ فون لوٹا دیا۔
مذکورہ شخص کی اہلیہ نے ڈاکوؤں کا ردعمل بھی بتایا کہ انہوں نے کہا کہ یہ اینڈرائیڈ ہے جب کہ ہمیں لگا تھا یہ آئی فون ہے، ہمیں یہ نہیں چاہیے۔