Time 07 دسمبر ، 2023
دنیا

انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کا اسرائیل پر جنگی جرائم کا مقدمہ چلانے کا مطالبہ

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں'ہیومن رائٹس واچ' اور'ایمنسٹی انٹرنیشنل'نے اسرائیل پر جنگی جرائم کا مقدمہ چلانے کا مطالبہ کر دیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیومن رائٹس واچ  نے اسرائیل پر جنگی جرائم میں ملوث ہونے کا الزام لگا کر امریکا، برطانیہ، کینیڈا اور جرمنی سے اسرائیل کو اسلحے کی فراہمی فوری روکنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ 

ایک بیان میں ہیومن رائٹس واچ نے کہا کہ 13 اکتوبر کو جنوبی لبنان میں امریکی، عراقی اور لبنانی صحافیوں پر 13 اکتوبر کا اسرائیلی حملہ صریح جنگی جرم ہے۔ 

ہیومن رائٹس واچ کے مطابق اسرائیل کو خوب پتہ تھا کہ وہ جن لوگوں کو نشانہ بنا رہا ہے وہ سویلینز ہیں۔ 

یاد رہے کہ13 اکتوبر کے حملے میں برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے ایسام عبداللہ جاں بحق جبکہ الجزیرہ کے کیمرہ پرسن ایلی براکھیا اور رپورٹر کارمن جوکھادر سمیت دیگر 6 جرنلسٹس زخمی ہوئے تھے۔

دوسری جانب ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی 13 اکتوبر کو صحافیوں پر اسرائیلی حملے کو ہدف تنقید بنایا اور مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کے اس حملے کی جنگی جرائم کے طور پر تحقیقات کی جائیں۔ 

ایک بیان میں ایمنسٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر برائے مشرق وسطی اور شمالی افریقا آیا مجذوب نے کہا کہ عالمی قوانین کے تحت اپنی پیشہ ورانہ ذمے داریاں انجام دینے والے کسی صحافی کو نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے الزام لگایا ہے کہ 13 اکتوبر کو غزہ پر جس اسرائیلی حملے میں 43 سویلینز شہید ہوئے، اس کیلئے امریکا میں بنا ویپن گائیڈنس سسٹم استعمال ہوا ہے۔

ایمنسٹی نے تحقیقات کے بعد دعویٰ کیا ہے کہ حملے کے بعد دیر البلا میں ملبے کا معائنہ کرنے پر وہاں سے امریکا میں بنے جوائنٹ ڈائریکٹ اٹیک میونیشنز گائیڈنس سسٹم( جے ڈیم) کے پرزے ملے ہیں۔

امریکی فضائیہ کے مطابق "جے ڈیم" ایک ان گائیڈڈ گرتے بم کی دم پر لگ کر اسے ہر موسم میں قابل استعمال انتہائی اسمارٹ میونیشن میں بدل دیتا ہے۔

مزید خبریں :