Time 08 دسمبر ، 2023
کھیل

سابق فاسٹ بولر مچل جانسن کی وارنر پر کڑی تنقید، آسٹریلوی بیٹر نے بھی خاموشی توڑ ڈالی

مچل جانسن نے ڈیوڈ وارنر پر کڑی تنقید کی تھی اور ان کے خود ریٹائر ہونے کے فیصلے پر سوالات اٹھائے تھے. فوٹو فائل
 مچل جانسن نے ڈیوڈ وارنر پر کڑی تنقید کی تھی اور ان کے خود ریٹائر ہونے کے فیصلے پر سوالات اٹھائے تھے. فوٹو فائل

آسٹریلوی بیٹر ڈیوڈ وارنر نے سابق فاسٹ بولر مچل جانسن کی تنقید پر خاموشی توڑ دی۔

آسٹریلوی میڈیا کے مطابق ایک کالم میں مچل جانسن نے ڈیوڈ وارنر پر کڑی تنقید کی تھی اور ان کے خود ریٹائر ہونے کے فیصلے پر سوالات اٹھائے تھے۔

سابق فاسٹ بولر کا کہنا تھا آسٹریلوی کرکٹ کی تاریخ کے سب سے بڑے اسکینڈل میں پھنسنے والے اور مشکلات کا شکار اوپنر ڈیوڈ وارنر کو کیوں ان کی خواہش کے مطابق فیئر ویل دیا جا رہا ہے۔

اس کالم کے بعد مچل جانسن کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور سابق فاسٹ بولر کو اپنے کالم کی بھاری قیمت بھی چکانا پڑی اور انہیں آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان سیریز کے لیے ٹرپل ایم کے کمنٹری پینل سے بھی نکال دیا گیا۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 14 دسمبر سے پرتھ میں شروع ہونے جا رہا ہے۔

مچل جانسن کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے ڈیوڈ وارنر نے ایک انٹرویو کے دوران جلتی پر تیل ڈالنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ سابق ساتھی اپنی رائے کا حق رکھتے ہیں، ہر کسی کو اپنی رائے کا حق ہے ہمیں اب آگے بڑھنا ہے، یہ سیزن ہیڈلائن کے بغیر نہیں ہو گا، ہم پرتھ میں سیزن کے پہلے ٹیسٹ میچ کے منتظر ہیں۔

ایک ٹی وی پروگرام میں آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے بھی اس معاملے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں ہم ایک دوسرے کا بہت خیال رکھتے ہیں، ہم سالہا سال سے اکٹھے کھیل رہے ہیں، ڈیوڈ وارنر اور آسٹیو اسمتھ کے ساتھ کھیلتے ہوئے 12 برس ہو گئے ہیں۔

پیٹ کمنز کا کہنا تھا ہم ایک دوسرے کی سخت حفاظت کرنے والے ہیں، ہم کامیاب سیزن کے لیے پر امید ہیں اور ہمارے پاس بہت مثبت چیزیں ہیں جن پر ہم فوکس کر سکتے ہیں۔

مزید خبریں :