Time 09 دسمبر ، 2023
پاکستان

بھٹو کیس کی طرح کیا ہم نواز شریف کو انصاف کیلئے 45 سال انتظار کریں؟ جاوید لطیف

5سال بعد ذوالفقاربھٹو کے عدالتی قتل کا کیس سنا جارہا ہے لیکن کیا اس وقت جو ناانصافی ہوئی اس کی تلافی ہوسکتی ہے؟ رہنما (ن) لیگ/ فائل فوٹو
5سال بعد ذوالفقاربھٹو کے عدالتی قتل کا کیس سنا جارہا ہے لیکن کیا اس وقت جو ناانصافی ہوئی اس کی تلافی ہوسکتی ہے؟ رہنما (ن) لیگ/ فائل فوٹو

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید لطیف نے کہا ہےکہ آج خوشی ہے کہ 45 سال بعد ذوالفقاربھٹو کے عدالتی قتل کا کیس سنا جارہا ہے لیکن کیا اس وقت جو ناانصافی ہوئی اس کی تلافی ہوسکتی ہے؟ کیا ہم نواز شریف کو انصاف کی فراہمی کیلئے 45 سال انتظار کریں؟

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا کہ ہم انسداد دہشتگردی عدالت میں 5 منٹ لیٹ ہو جاتے تو ضمانت خارج ہوجاتی، لاڈلے کے لیے صبح 8 بجے عدالت لگتی تھی اور رات 8 بجے وہ کہتا تھا ابھی حاضری کا موڈ نہیں مگر جو آئین اور قانون کی بات کرتے تھے ان پر غداری کے مقدمات تھے۔

انہوں نے کہا کہ  آج خوشی ہے کہ 45سال بعد ذوالفقاربھٹو کے عدالتی قتل کا کیس سنا جارہا ہے، کیا اس وقت جو ناانصافی ہوئی اس کی تلافی ہوسکتی ہے، نواز شریف کو بار بار سزا دی جاتی رہی اور 2017 میں انصاف کا قتل ہوا، کیا ہم نواز شریف کو انصاف کی فراہمی کیلئے 45سال انتظار کریں؟ 

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ جو 190ملین پاؤنڈ کھا جائے وہ صادق اور امین ہو گا ؟ جو بگاڑپیدا کرے اسے جیل میں بھی 10کمروں پر مشتمل سب کچھ فراہم کیا جاتا ہے، جس نے پاکستان کو چولیں ہلادیں اس کو آج بھی جیل پکی دیسی مرغی چاہیے۔

مریم اورنگزیب کی گفتگو

اس موقع پر لیگی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ مجھ پر بانی پی ٹی آئی نے دہشتگردی کا مقدمہ بنایا، ہم پر یہ دہشتگردی کے مقدمے بناتے رہے اور خود 9 مئی کو ریاست پر حملہ کیا، دوسروں پر دہشتگردی کے مقدمے بنانے والا خود 9 مئی کا مجرم ہے،  بانی پی ٹی آئی ہی 9 مئی کا ماسٹر مائنڈ ہے۔

سابق وزیر کا کہنا تھاکہ 190ملین پاؤنڈ قومی خزانے میں آنے تھے عدالت کے اکاؤنٹ میں نہیں، ان کی اہلیہ ہیرے جواہرات بٹورتی رہیں، اب یہ کہتے ہیں کہ نواز شریف نے 9 مئی کا واقعہ کروایا ، کیا نواز شریف پی ٹی آئی کے قائدین اور کارکنوں کو ہدایات دیتے تھے؟ 

مریم اورنگزیب نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کو آج بھی فارن فنڈنگ آرہی ہے اور عوام کو بیروزگاری کا سامنا ہے لیکن عوام پریشان نہ ہوں ملک ایک بار پھر ترقی کی منازل طے کرے گا، عوام 8 فروری کو نواز شریف کو پھر وزیراعظم بنائیں گے۔

مزید خبریں :