09 دسمبر ، 2023
پاکستان اور بھارت کے لیجنڈز سابق کرکٹرز وسیم اکرم اور گوتم گمبھیر نے بابر اعظم کو بہتری کے لیے پاکستان سپر لیگ میں بھی ٹیم کی قیادت چھوڑنے کا مشورہ دیا ہے۔
ایک مقامی اسپورٹس پلیٹ فارم سے حالیہ گفتگو میں وسیم اکرم نے بابر اعظم کو مشورہ دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ایک نامور کھلاڑی کی حیثیت سے انہیں کھیلنے، رنز بنانے اور کھیل سے لطف اندوز ہونے پر توجہ دینی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ 'میں نے چند سال پہلے بابر اعظم کو ایک آئیڈیا دیا تھا کہ لیگ کرکٹ میں کپتانی نہ کریں۔ آپ ایک بڑے کھلاڑی ہیں، اپنا پیسہ لیں، کھیل کھیلیں، رنز بنائیں، گھر جائیں، اور پھر اگلے ایونٹ میں شرکت کریں'۔
وسیم اکرم نے کہا 'میں نے بابر سے کہا تھا کہ پاکستان کی کپتانی ٹھیک ہے، لیکن لیگ کرکٹ میں کپتانی بغیر کسی وجہ کے اضافی تناؤ لاتی ہے'۔
سابق ہندوستانی کرکٹر گوتم گمبھیر نے وسیم اکرم کی بات سے اتفاق کیا اور کہا 'میں نے ورلڈکپ سے پہلے بابر اعظم کے ٹاپ اسکورر رہنے کی پیشگوئی کردی تھی مگر قیادت کے دباؤ سے ان کی پرفارمنس بھی متاثر ہوگئی'۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'کپتانی سے آزاد ہوکر بابر کی اب بہترین صلاحیتیں کھل کر سامنے آئیں گی، اب میدان میں شائقین کو ایک مختلف بابر اعظم دیکھنے کو ملے گا جو آج تک کسی نے نہیں دیکھا ہوگا'۔
گوتم گمبھیر نے مزید کہا کہ انھیں پی ایس ایل جیت کر بھی کچھ نہیں ملے گا مگر بیٹنگ پر توجہ دیں تو پاکستان کی تاریخ کے بہترین بیٹر کی حیثیت سے اپنا نام درج کرواسکتے ہیں، کپتانی کا پریشر ختم ہونے کے بعد امید ہے کہ بابر مزید 10سال تک کرکٹ میں صلاحیتوں کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے۔
واضح رہے کہ ورلڈکپ کے اختتام کے بعد 15 نومبر کو بابر اعظم نے تینو فارمیٹ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا۔