Time 09 دسمبر ، 2023
پاکستان

فواد چوہدری کا راہداری ریمانڈ منظور، اینٹی کرپشن کے حوالے

ضمانت اسلام آباد میں دائر نہیں ہوسکتی کیونکہ فواد چوہدری گرفتار ہیں، راہداری ریمانڈکے اسٹیج پر کیس کے میرٹ کا فیصلہ نہیں ہوسکتا: پراسیکیوٹر/ فائل فوٹو
ضمانت اسلام آباد میں دائر نہیں ہوسکتی کیونکہ فواد چوہدری گرفتار ہیں، راہداری ریمانڈکے اسٹیج پر کیس کے میرٹ کا فیصلہ نہیں ہوسکتا: پراسیکیوٹر/ فائل فوٹو

اسلام آباد: عدالت نے استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما فواد چوہدری کو ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر اینٹی کرپشن کے حوالے کردیا۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس میں فواد چوہدری کے خلاف اینٹی کرپشن پنجاب کے کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں اینٹی کرپشن پولیس نے فواد چوہدری کو ہتھکڑی لگا کر عدالت میں پیش کیا جب کہ نیب پراسیکیوٹر عدنان علی اور فواد چوہدری کے بھائی فیصل چوہدری عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت جج قاضی ماجد نے کہا کہ اینٹی کرپشن محکمہ پنجاب کو فوادچوہدری کا راہداری ریمانڈ درکار ہے، اس پر فیصل چوہدری نے کہا کہ فواد سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے ممبر ہیں، ملک آئین اور قانون کے تحت نہیں چل رہا، فواد چوہدری کے خلاف مدعی راولپنڈی کا رہائشی ہے، فواد چوہدری کو اینٹی کرپشن محکمے نے کون سا نیا نوٹس دیاہے؟ انکوائری، نہ تفتیش کی گئی، نوٹس دیا گیا لیکن واپس لے لیا گیا۔

اس دوران  پراسیکیوٹر عدنان علی نے ایک روزہ راہداری ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ضمانت اسلام آباد میں دائر نہیں ہوسکتی کیونکہ فواد چوہدری گرفتار ہیں، راہداری ریمانڈکے اسٹیج پر کیس کے میرٹ کا فیصلہ نہیں ہوسکتا۔

بعد ازاں عدالت نے پراسیکیوشن کی استدعا پر فواد چوہدری کے راہداری ریمانڈ پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو کچھ دیر بعد سنایا اور پراسیکیوشن کی استدعا منظور کرلی۔

عدالت نے فواد چوہدری کو ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر اینٹی کرپشن کے حوالے کردیا۔

مزید خبریں :