10 دسمبر ، 2023
کرپشن کے مقدمے میں گرفتار سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے لگتا ہے سپریم کورٹ میں کیس لگوانے کیلئے مرنا پڑے گا۔
اینٹی کرپشن حکام کی جانب سے فواد چوہدری کے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی جبکہ وکیل صفائی کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی گئی اور کہا گیا کہ فواد چوہدری گزشتہ 32 گھنٹوں سے اینٹی کرپشن کی تحویل میں ہیں، اینٹی کرپشن ٹیم دو بار اڈیالہ جیل میں انکوائری کر چکی ہے۔
عدالت نے اینٹی کرپشن کی فواد چوہدری کے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں مزید ایک روز کے لیے اینٹی کرپشن پولیس کے حوالے کر دیا۔
یاد رہے کہ فواد چوہدری کے خلاف اینٹی کرپشن نے 29 نومبر کو کرپشن کا مقدمہ درج کیا تھا۔
عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا لگتا ہے کہ سپریم کورٹ میں کیس لگوانے کے لیے مرنا پڑے گا، انتظار کر رہے ہیں کہ ہم کب مرتے ہیں اور کیس لگتا ہے، تمام جھوٹے کیسز بھگت رہا ہوں، ایک ختم ہوتا ہے دوسرا بن جاتا ہے۔