10 دسمبر ، 2023
فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے غزہ میں حملہ آور ہونے والی اسرائیلی فوج پر حملوں کی نئی ویڈیو جاری کردی۔
صیہونی افواج کی جانب سے غزہ میں مسلسل عالمی قوانین اور اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے، اسرائیلی افواج عام شہریوں اور طبی مراکز کو نشانہ بنارہی ہے۔
تاہم اسرائیلی فوج کو القسام بریگیڈز کی جانب سے سخت مزاحمت کا بھی سامنا ہے۔
القسام بریگیڈز نے اسرائیلی فوج پر حملوں کی نئی ویڈیو جاری کردی ہے جس میں القسام کے جنگجوؤں کو اسرائیلی ٹینکوں اور فوجیوں پر حملہ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
القسام کے ترجمان ابو عبیدہ کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران اسرائیل کے 44 ٹینکوں اور فوجی گاڑیوں کو مکمل یا جزوی طور پر تباہ کیا گیا، ان حملوں میں 40 اسرائیلی فوجی ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے۔
خیال رہے کہ اسرائیل کی جانب سے 7 اکتوبر سے اب تک اپنے 420 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔
اسرائیلی اخبار کے مطابق اسرائیلی محکمہ دفاع نے 2 ہزار سے زیادہ فوجیوں کے معذور ہونےکی تصدیق کی ہے، مجموعی طور پر 5 ہزار سے زائد اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 58 فیصد سے زائد شدید زخمی ہیں اور ان کی حالت خراب ہے۔
اسرائیلی وزارت دفاع کی سربراہ نے اخبار کو بتایا کہ ہمیں اس سے قبل اس طرح کی صورت حال کا کبھی سامنا نہیں کرنا پڑا، زخمی فوجیوں کے ہاتھوں اور ٹانگوں میں شدید زخم آئے ہیں اور بہت سے ایسے ہیں جن کے ہاتھ اور پاؤں کاٹنے پڑے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 12 فیصد زخمی ایسے ہیں جنہیں شدید اندرونی زخم آئے ہیں اور ان کے اعضا شدید متاثر ہوئے ہیں۔
صیہونی وزارت دفاع کے حکام نے اخبار کو بتایا کہ7 فیصد فوجی شدید نفسیاتی دباؤ کا شکار ہیں اور ہمیں اندازہ ہےکہ ایسے فوجیوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگا۔
ایک بیان میں القسام بریگیڈز کے ترجمان ابوعبیدہ نے کہا ہے کہ مذاکرات کے بغیر کوئی یرغمالی رہا نہیں ہوگا، فوجی طاقت سے اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا نہیں کرایا جاسکتا۔
ابوعبیدہ کا کہنا تھا کہ اسرائیلی جنگی کابینہ مذاکرات کیے بغیر اپنے یرغمالیوں کو رہا نہیں کراسکتی، اسرائیلی یرغمالی کی ہلاکت طاقت کے زور پر رہا کرانےکی کوشش کا نتیجہ ہے۔
القسام بریگیڈز کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف ہماری مزاحمت جاری رہےگی۔