Time 12 دسمبر ، 2023
کھیل

تینوں فارمیٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنا چاہتا ہوں، قومی انڈر 19 بیٹر اذان اویس

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

انڈر 19 ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف شاندار سنچری اسکور کرنے والے پاکستانی بیٹر اذان اویس کا کہنا ہے کہ انڈیا کے خلاف اہم میچ میں سنچری بنانے پر کافی خوش ہوں، ٹیم سے کہا تھا کہ اگر سیٹ ہو گیا تو میچ فنش کر کے آؤں گا اور ایسا ہی ہوا۔

اتوار کو انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان نے اذان اویس کی شاندار سنچری کی بدولت بھارت کو 8 وکٹوں سے شکست دیکر ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی۔

پاکستان انڈر 19کرکٹ ٹیم نے بھارت کا 260 رنز کا ہدف با آسانی 47 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ اذان اویس نے شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے 105 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان انڈر 19 کے بیٹر اذان اویس نے کہا کہ پاکستان جونیئر لیگ کھیل کر کافی اچھا تجربہ ملا جس سے پروفیشنل کرکٹ کا اندازہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ انڈر 19 ٹیم کے موجودہ کوچز نے ہمیں کافی اعتماد دیا، بھارت کے خلاف اہم میچ میں سنچری بنانے پر کافی خوش ہوں، ٹیم سے کہا تھا کہ اگر سیٹ ہو گیا تو میچ فنش کر کے آؤں گا اور ایسا ہی ہوا۔

اذان اویس نے بتایا کہ محمد یوسف نے ہماری تکنیک پر کام کیا اور گیم کو پرکھنا سمجھایا، سعید انور، محمد یوسف، ایلیسٹر کک اور کوئنٹن ڈی کوک میرے پسندیدہ بیٹرز ہیں جبکہ آج کل بابر اعظم کو کافی فالو کر رہا، ان سے ملاقات رہی جس میں تکنیک کے بارے میں بات ہوئی۔

انڈر 19 کے بیٹر اذان اویس نے کہا کہ محمد یوسف سے دو سال قبل بھی ملاقات ہوئی تھی انہوں نے این سی اے میں مجھ پر کام کیا، ہمیں گیپ میں کھیلنا اور مختلف تکنیک کا بتایا جس سے فائدہ ہوا۔

اذان اویس کا کہنا  تھا کہ ایک ورلڈ کلاس پلیئر بننا اور پاکستان کی تینوں فارمیٹ میں نمائندگی کرنا چاہتا ہوں، کھلاڑیوں کی ڈیولپمنٹ کیلئے ایج گروپ کرکٹ ضروری ہے، میں انڈر 13 سے کھیل رہا ہوں، ایج گروپ کرکٹ اور مختلف کیمپس میں حصہ لے کر بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔

واضح رہے کہ پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ کے پہلے میچ میں نیپال کو شکست دی تھی۔ 

مزید خبریں :