Time 08 دسمبر ، 2023
کھیل

انڈر 19 ایشیا کپ: نیپال کو شکست دیکر پاکستان کا ٹورنامنٹ میں فاتحانہ آغاز

فوٹو: پی سی بی
فوٹو: پی سی بی 

پاکستان نے انڈر 19 ایشیا کپ میں نیپال کو شکست دے کر  ٹورنامنٹ میں فاتحانہ آغاز کر دیا۔

پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ کا آغاز نیپال انڈر 19 کے خلاف 7 وکٹوں کی جیت سے کیا ہے۔ 

اس میچ کی خاص بات دائیں ہاتھ کے تیز بولر محمد ذیشان کی شاندار بولنگ تھی جنہوں نے صرف 19 رنز دے 6 وکٹیں حاصل کیں۔ یہ کسی بھی پاکستان کے بولر کی انڈر 19 ون ڈے بین الاقوامی مقابلوں میں دوسری بہترین کارکردگی ہے۔ 

یہ ریکارڈ شاہین شاہ آفریدی کا ہے جنہوں نے 2018 کے انڈر 19 ورلڈ کپ میں آئرلینڈ انڈر 19 کے خلاف 15 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

جمعہ کے روز آئی سی سی اکیڈمی گراؤنڈ دبئی میں ہونے والے میچ میں پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کپتان سعد بیگ نے ٹاس جیت کر نیپال انڈر 19 کو پہلے بیٹنگ دی جو 47.2 اوورز میں 152 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ 

نیپال کی جانب سے اوتم ماگر نے 76 گیندوں پر51 رنز بنائے جس میں تین چوکے اور دو چھکے شامل تھے جبکہ دیپیش کندل نے 31 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کی جانب سے محمد ذیشان نے 19 رنز دے کر6 وکٹیں حاصل کیں۔ عامرحسن نے15 رنز کے عوض 2 کھلاڑی آؤٹ کیے۔

فوٹو: پی سی بی
فوٹو: پی سی بی 

پاکستان انڈر19 ٹیم نے نیپال کا 153 رنز کا ہدف 26.2 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر  پورا کرلیا۔

اذان اویس نے 62گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے56 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ 

اس کے علاوہ کپتان سعد بیگ نے 56گیندوں پر 50 رنز کی اننگز کھیلی جس میں پانچ چوکے شامل تھے۔ اذان اویس اور سعد بیگ نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 108رنز کا اضافہ کیا۔ نیپال کی طرف سے گلسن جھا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان انڈر19 ٹیم ٹورنامنٹ میں اپنا دوسرا میچ اتوار کو بھارت کی انڈر 19 کے خلاف کھیلے گی جبکہ 12 دسمبر کو اس کا میچ افغانستان انڈر19 کے خلاف ہوگا۔

مزید خبریں :