12 دسمبر ، 2023
کراچی کے علاقے بلال کالونی میں پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق خاتون کے شوہر نے پولیس اہلکاروں کو معاف کردیا۔
خیال رہےکہ گزشتہ شب نیوکراچی بلال کالونی میں پولیس مقابلےکے دوران خاتون جاں بحق ہوگئی تھی۔
پولیس حکام کے مطابق نیو کراچی بلال کالونی سیکٹر فائیو ڈی میں موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان شہری سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ اس دوران گشت پر مامور پولیس اہلکار وہاں پہنچ گئے، پولیس اہلکاروں کو دیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ کردی جس پر اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم زخمی ہوگیا جب کہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہوگیا۔
پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ایک خاتون جاں بحق ہوگئی جس کی شناخت حمیدہ کے نام سےکی گئی، خاتون اپنے شوہر کے ہمراہ قریبی قائم میڈیکل اسٹور پر آئی تھی۔
واقعےکے بعد مقابلے میں حصہ لینے والے شاہین فورس کے 4 اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا تھا جن میں سے دو کو تفتیش کے بعد رہا کردیا گیا جب کہ کانسٹیبل روحان سعید اور علی رضا کو باقاعدہ گرفتار کرلیا گیا۔
بعد ازاں مقتولہ کے شوہر رفیق نے فائرنگ کرنے والے پولیس اہلکاروں کو معاف کردیا۔
اپنے بیان میں رفیق کا کہنا تھا کہ فائرنگ کرنے والے اہلکار یتیم ہیں اس لیے انہیں معاف کردیا، ان کے خلاف مقدمہ درج نہیں کروائیں گے۔
رفیق کا کہنا تھا کہ پولیس نے ہم سے تعاون کیا، اہلکاروں کو لاک اپ کیا گیا تھا، اعلیٰ حکام سے اپیل ہےکہ وہ ٹریننگ یافتہ اہلکاروں کو سڑکوں پر تعینات کریں۔