Time 14 دسمبر ، 2023
کھیل

پرتھ ٹیسٹ: پہلے روز کے اختتام پر آسٹریلیا کے 346 رنز، ڈیبیو کرنیوالے عامر جمال کی دو وکٹیں

تین ٹیسٹ میچوں کی یہ سیریز بینو قادر ٹرافی کیلئے کھیلی جارہی ہے__فوٹو: ای ایس پی این
تین ٹیسٹ میچوں کی یہ سیریز بینو قادر ٹرافی کیلئے کھیلی جارہی ہے__فوٹو: ای ایس پی این

پرتھ ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کے اختتام پر آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف 5 وکٹوں کے نقصان پر 84 اوورز میں 346 رنز بنا لیے۔

اس میچ میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مہمان ٹیم کو فیلڈنگ کی دعوت دی۔

ٹیسٹ کا پہلا روز:

پرتھ ٹیسٹ کے پہلے روز آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے شاندار اور جارحانہ اننگز کھیلی، انہوں نے 211 گیندوں پر 164 رنز بنائے اور اس اننگز میں 4 چھکے اور 16چوکے شامل تھے۔

اس کے علاوہ عثمان خواجہ نے 41، مارنوس لبوشین 16، اسٹیو اسمتھ 31 اور ٹریوس ہیڈ 40 رنز  بناکر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے عامر جمال نے دو وکٹیں حاصل کیں، شاہین آفریدی،فہیم اشرف اور خرم شہزاد نے ایک ایک وکٹ لی۔

ٹاس کے موقع پر بات کرتے ہوئے قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ اگر وہ ٹاس جیت جاتے تو پہلے بیٹنگ کرتے۔

انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف پہلے میچ میں ہماری ٹیم میں دو کھلاڑی ڈیبیو کر رہے ہیں۔

اس سے قبل عامر جمال اور خرم شہزاد کو ٹیسٹ کیپ دی گئی، شاہین آفریدی اور حسن علی نے کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کیپ دی۔

بابر اعظم کو پچاسواں ٹیسٹ کھیلنے پر کپتان نےکیپ اور یادگاری شیلڈ دی۔

پاکستانی اسکواڈ:

قومی ٹیم نے چار فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا، پاکستان ٹیم میں کپتان شان مسعود، امام الحق، عبداللّٰہ شفیق، بابراعظم، سعود شکیل، سرفراز احمد، سلمان علی آغا، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، عامر جمال اور خرم شہزاد شامل ہیں۔

آسٹریلوی ٹیم:

دوسری جانب آسٹریلوی ٹیم میں ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، مارنوس لبوشین، اسٹیو اسمتھ، مچل مارش، ٹریوس ہیڈ، الیکس کیری، مچل اسٹارک، کپتان پیٹ کمنز، نیتھن لائن اور جوش ہیزل ووڈ شامل ہیں۔

اس کے علاوہ عثمان خواجہ کو فلسطین کی حمایت کے نعروں والے جوتے پہننے کی اجازت نہ ملی، آسٹریلوی کرکٹر نے بازو پر کالی پٹی باندھ لی۔

واضح رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی یہ سیریز بینو قادر ٹرافی کیلئے کھیلی جارہی ہے۔

مزید خبریں :