Time 15 دسمبر ، 2023
دنیا

امریکی تنبیہ کے بعد اسرائیل کی پوری غزہ پٹی پربمباری، مزید 180 فلسطینی شہید

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اسرائیل نے غزہ میں سویلین ہلاکتوں پر امریکا کی اظہار تشویش کے بعد خان یونس اور رفح سمیت پوری غزہ پٹی پر بم برسا کر  گھروں میں موجود کئی خاندانوں کو نشانہ بنا ڈالا، اسرائیلی حملوں میں مزید 180 فلسطینی شہید ہو گئے۔

اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کی نقل مکانی کیلئے محفوظ راہداری قرار دیے گئے رفح پر بھی رات گئے اسرائیلی بمباری میں خیمہ بستیوں میں پناہ لیے ہوئے  بچوں سمیت کئی فلسطینی پناہ گزین شہید ہو گئے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی جانب سے شائع  امریکی انٹیلی جنس رپورٹ کے جائزے کے مطابق  7 اکتوبر سے اب تک  اسرائیل کی جانب سے غزہ میں  فضا سے زمین پر گرائے گئے 29 ہزار  سے زائد بموں میں سے 45 فیصد بم ان گائیڈڈ تھے یعنی وہ اندھے بم تھے۔

عرب نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق غزہ پر جاری اسرائیلی حملوں میں 7 اکتوبر سے اب تک 7 ہزار 729 سے زائد بچوں اور 5 ہزار 153 سے زائد خواتین سمیت شہید فلسطینیوں کی تعداد 18 ہزار 608 سے متجاوز ہو چکی ہے جبکہ 8 ہزار 663 سے زائد بچوں اور 6 ہزار 327 سے زائد خواتین سمیت 50 ہزار 594 فلسطینی زخمی ہوگئے ہیں۔

فلسطینی وزارت تعلیم کے مطابق غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے میں اب تک 3 ہزار 714 طالب  علم شہید  جبکہ 5 ہزار 700 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

وزارت تعلیم کے مطابق غزہ میں شہید طالب علموں کی تعداد 3 ہزار 679 اور مقبوضہ مغربی کنارے میں 35 طالب علم اسرائیلی جارحیت کا شکار ہوئے ہیں۔

ادھر اسرائیلی فوج نے بے گھر فلسطینیوں کو ایک بار پھر شمالی غزہ اور خان یونس سے نکلنے کا الٹی میٹم دیدیا۔

اسرائیلی جارحیت کے خلاف فلسطینی مزاحمت کا سلسلہ بھی جاری ہے، حماس کے جنگجوؤں نے شدید مزاحمت کے دوران شمالی غزہ اور خان یونس میں متعدد اسرائیلی ٹینک تباہ کردیے جس کے بعد کئی اسرائیلی فوجی گاڑیاں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

ادھر لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کی جانب سے بھی اسرائیلی علاقوں پر حملے کیے گئے، حزب اللہ نے اسرائیلی فوج کے مواصلاتی نظام، جاسوسی اور نگرانی کے آلات کو نشانہ بنایا۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج کامسلسل تیسرے روز بھی مغربی کنارے کے شہر جنین کا محاصرہ جاری رہا، مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی فوج کے حملوں میں مزید  11 شہید ہوگئے۔

مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی افواج اور شدت پسند یہودی آبادکاروں کے حملوں میں 65 بچوں سمیت شہید ہونے والوں فلسطینیوں کی تعداد 286 سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ 3 ہزار 365 سے زائد فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں۔

امریکا کے بعد برطانیہ نے بھی مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف تشدد میں ملوث انتہا پسند یہودی آباد کاروں پر سفری پابندیاں لگانے کا اعلان کردیا۔

خیال رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیل کو سویلین ہلاکتوں کو روکنے پر توجہ دینے کا مشورہ دیتے ہوئے بلا تفریق اسرائیلی بمباری پر اپنی تشویش کا اظہار کیا تھا۔

تاہم امریکی اظہار تشویش کے باوجودوائٹ ہاؤس ترجمان جیک سلیوان سے ملاقات کے بعد کے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے غزہ پر اپنے حملوں میں انتہائی تیزی کرتے ہوئے غزہ میں بمباری کا ایک نیا مرحلہ شروع کردیا، غزہ میں ایک بار پھر سے ٹیلی کمیونیکشن ذرائع کو بھی منقطع کردیا گیا۔

مزید خبریں :