15 دسمبر ، 2023
لاہور ہائیکورٹ نے عام انتخابات کے لیے بیورورکریسی کی خدمات کے خلاف درخواست کی سماعت کے لیے لارجر بینچ تشکیل دیدیا۔
جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ عام انتخابات کے لیے بیوروکریسی کی خدمات کے خلاف 18 دسمبر کو سماعت کرے گا۔
جسٹس شہرام سرور، جسٹس سرفراز ڈوگر، جسٹس سلطان تنویر اور جسٹس جواد حسن بھی بینچ کا حصہ ہوں گے۔
یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بینچ نے انتخابات کیلئے بیورورکریسی کی خدمات لینے کا الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل کیا تھا۔
سنگل بینچ نے بیورو کریسی کی خدمات کے خلاف درخواست پر لارجر بینچ تشکیل دینے کی سفارش کی تھی۔
لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بینچ کے فیصلے کے بعد ملک بھر میں انتخابی عملے کی تربیت کا عمل بھی رک گیا ہے جس سے الیکشن میں مزید تاخیر کا امکان ہے۔