Time 15 دسمبر ، 2023
پاکستان

لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف الیکشن کمیشن اور سیاسی جماعتوں کا فریق بننے کا فیصلہ

لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف الیکشن کمیشن اور سیاسی جماعتوں کا فریق بننے کا فیصلہ

الیکشن کمیشن آف پاکستان اور مختلف سیاسی جماعتوں نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے فریق بننے کا فیصلہ کرلیا۔

مسلم لیگ (ن) پیپلزپارٹی، مسلم لیگ (ق) اور استحکام پاکستان پارٹی نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے فریق بننے کا فیصلہ کیا ہے۔

ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھاکہ عام انتخابات کے بروقت انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے ن لیگ نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ لاہور ہائیکورٹ کے آر او سے متعلق فیصلےکے خلاف لارجر بینچ میں فریق بنےگی،  ن لیگ کی لیگل ٹیم نے پٹیشن تیار کرنا شروع کر دی ہے۔

پی پی اعلامیے کے مطابق سابق صدر آصف زرداری نے فوری طورپرپٹیشن فائل کرکے فریق بننے کا فیصلہ کیا۔

قبل ازیں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے سپریم کورٹ میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے ملاقات کی، ملاقات میں جسٹس سردار طارق اور جسٹس اعجازالاحسن بھی شریک تھے۔ اس کے علاوہ اٹارنی جنرل منصور عثمان بھی ملاقات میں شریک تھے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر چیف جسٹس کی دعوت پر سپریم کورٹ آئے اور انہوں نے ججزکو لاہور ہائیکورٹ کے حکم امتناع سے آگاہ کیا۔ 

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے لاہور اور اسلام آباد ہائیکورٹس کے فیصلوں کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع نے بتایاکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے اپیل آنے پر ہی بینچ تشکیل دیا جائے گا۔

خیال رہے کہ اگر عام انتخابات 8 فروری کو ہونے ہیں تو الیکشن کمیشن کو آج یا کل تک الیکشن شیڈول جاری کرنا ہوگا اور انتخابی شیڈول 54 دن کا ہوتا ہے۔

انتخابی شیڈول کے مطابق 17 دسمبر پہلا دن اور 8 فروری 54واں دن بنتا ہے۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے 8 فروری 2024 کو ملک بھر میں عام انتخابات کروانے کا اعلان کر رکھا ہے تاہم چند روز قبل پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے عام انتخابات کے لیے بیوروکریسی کی خدمات لینے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا۔

لاہور ہائیکور ٹ نے گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کی درخواست پر الیکشن کمیشن کا انتخابات کے لیے بیوروکریسی کی خدمات لینے کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا تھا جبکہ آج لاہور ہائیکورٹ نے اس معاملے پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ بھی تشکیل دے دیا ہے جو 18 دسمبر کو کیس کی سماعت کرے گا۔


مزید خبریں :