15 دسمبر ، 2023
الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2024 کا شیڈول جاری کردیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق عام انتخابات کے لیے پولنگ 8 فروری 2024 کو ہوگی۔ شیڈول کے مطابق 20 سے 22 دسمبر تک امیدوارکاغذات نامزدگی جمع کراسکیں گے اور 24 دسمبر سے 30 دسمبر تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہوگی۔
شیڈول کے تحت کاغذات نامزدگی منطور یا مسترد ہونے پر اپیل دائر کرنے کی آخری تاریخ 3 جنوری 2024 ہے جبکہ 10جنوری 2024 کو اپیلوں پر اپیلٹ اتھارٹی کے فیصلوں کا آخری روز ہوگا۔
انتخابی شیڈول کے مطابق امیدواروں کی حتمی فہرست 11 جنوری کو جاری کی جائے گی اور کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 12 جنوری 2024 ہوگی۔
امیدواروں کو انتخابی نشان 13 جنوری کو جاری کیے جائیں گے اور 8 فروری کو پولنگ ہوگی۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے آر اوز اور ڈی آر اوز کی ٹریننگ بحال کردی اور یہ فیصلہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں کیا گیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ریٹرننگ آفیسرز کی ٹریننگ 17 اور 18 دسمبر کو کرائی جائے گی جبکہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز کی ٹریننگ کا انعقاد 19 دسمبر کوکیا جائے گا۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کا ڈپٹی کمشنرز کے بطور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران( ڈی آر اوز)، ریٹرننگ افسران ( آر اوز) اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران ( اے آر اوز) کی تعیناتی کا الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل کرنے کے فیصلے پر عملدرآمد روک دیا اور الیکشن کمیشن کو آج ہی انتخابی شیڈول جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔