Time 16 دسمبر ، 2023
دنیا

غزہ میں نئی عارضی جنگ بندی پر بات چیت جاری ہے: قطر

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

قطر نے تصدیق کی ہےکہ غزہ  میں نئی عارضی جنگ بندی  پر  بات چیت  جاری ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق قطری وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہےکہ غزہ  میں انسانی بنیادوں  پر عارضی جنگ بندی کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

قطری وزارت خارجہ کا کہنا ہےکہ عارضی جنگ بندی سے متعلق مثبت پیش رفت کی امید ہے جو  جنگ کے خاتمے، فلسطینی بھائیوں کی خونریزی روکنے اور  سنجیدہ مذاکرات  کی راہ ہموار  کرے گی۔

دوسری جانب ایک امریکی اخبار نے بھی دعویٰ کیا ہےکہ غزہ  میں نئی عارضی جنگ بندی  پر بات چیت ایک بار  پھر شروع ہوگئی ہے۔

امریکی اخبار کے مطابق اسرائیل اور  قطر کے حکام آج ناروے میں ملاقات کریں گے جس میں اسرائیلی یرغمالیوں اور فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے تبادلے پر بات چیت ہوگی۔

خیال رہےکہ اس سے قبل غزہ  میں قطر کی ثالثی میں7 روزہ عارضی جنگ بندی یکم دسمبر کو ختم ہوگئی تھی۔

عارضی جنگ بندی ختم ہونےکے بعد سے اسرائیل کے غزہ پر حملوں میں مزید تیزی آگئی ہے اور غزہ کے  رہائشی علاقوں  پر  اسرائیل کے سفاکانہ  حملے مسلسل جاری ہیں۔

اسرائیلی فوج  نے آج بھی جبالیہ کیمپ  اور  خان یونس پر بمباری کی جس سے 35 فلسطینی شہید ہوگئے۔

صیہونی فوج  نےکمال عدوان اسپتال میں  بےگھر فلسطینیوں کے خیموں پر بھی بلڈوزر چڑھا دیے۔

غزہ  میں شہدا کی مجموعی تعداد 18 ہزار 800 ہوگئی ہے جن میں 8 ہزار  بچے اور 6 ہزار 200 خواتین شامل ہیں۔

 عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ غزہ کے 36 میں سے صرف 11 اسپتال محدود  سہولیات کے ساتھ فعال ہیں۔

مزید خبریں :