16 دسمبر ، 2023
فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نےکہا ہےکہ اسرائیل اب بھی اپنے یرغمالیوں کی جانوں پر جوا کھیل رہا ہے اور ان کے گھر والوں کے جذبات کی پرواہ نہیں کر رہا۔
ایک بیان میں ابو عبیدہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے کل اپنے3 فوجیوں کو خود قتل کیا، اس نے انہیں رہا کروانے کے بجائے انہیں مارنے پر ترجیح دی، یہ ایک مجرمانہ فعل ہے جو کہ اسرائیل نے ہماری قید میں موجود اپنے لوگوں کے خلاف جاری رکھا ہوا ہے۔
ابو عبیدہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل غزہ میں موجود اپنے یرغمالیوں کے بوجھ سے جان چھڑانے کی شدت سےکوشش کر رہا ہے۔
خیال رہےکہ اسرائیلی فوج کے ترجمان نے آج اعتراف کیا تھا کہ حماس کی قید میں موجود تین اسرائیلی شہری خود اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فرینڈلی فائرنگ میں مارےگئے ہیں۔
ترجمان اسرائیلی فوج نے کہا کہ تینوں اسرائیلی مغوی قید سے فرار ہوئے اور اس دوران اسرائیلی فوج نے انہیں حماس کے ساتھی ہونےکے شبہ میں مار دیا۔
واقعےکے خلاف اسرائیل میں احتجاجی مظاہرے شروع ہوگئے ہیں۔
دوسری جانب القسام کی جانب سے 'وقت ختم ہو رہا ہے' کے عنوان سے ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے جس میں غزہ میں اسرائیلی حملوں میں مارے جانے والے اسرائیلی یرغمالیوں کو دکھایا گیا ہے۔
فلسطینی مزاحمتی فورسز کے بھی غزہ کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فوج پر جوابی حملوں میں تیزی آگئی ہے۔
القسام اور القدس بریگیڈز نے مختلف کارروائیوں میں راکٹوں، مارٹرگولوں اور اسنائپر رائفلز سے حملے کرکے متعدد صیہونی فوجی ہلاک کر دیے۔