17 دسمبر ، 2023
اسرائیلی فوج کے ہاتھوں حماس کی جانب سے یرغمال بنائے گئے اپنے ہی فوجیوں کے قتل پر ہیومن رائٹس واچ نے ردعمل دیا ہے۔
ہیومن رائٹس واچ کے اسرائیل و فلسطین کے لیے ڈائریکٹر عمر شاکر نے اپنے بیان میں کہا کہ پہلےگولی مارو، پھرپوچھو، اسرائیلی فوج کا اقدام ان کی دیرینہ مشق کی نشاندہی کرتا ہے۔
عمر شاکر کا کہنا ہے کہ یرغمالیوں کے قتل کا واقعہ غیر مسلح لوگوں پر اسرائیل کے غیرقانونی طور پرگولی چلانے کا ٹریک ریکارڈ بھی ظاہرکرتا ہے۔
دوسری جانب عرب میڈیا کا بتانا ہے کہ اسرائیلی یرغمالیوں کے قتل کے بعد باقی مغویوں کی رہائی کے لیے حماس کے ساتھ مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے لیے نیتین یاہو حکومت پر مزید دباؤ بڑھا ہے۔
دوسری جانب فرانسیسی وزارت خارجہ نے رفح میں رہائشی عمارت پر اسرائیلی حملےکی وضاحت مانگ لی ہے۔
فرانسیسی وزارت خارجہ کے مطابق اسرائیلی حکام رفح میں رہائشی عمارت پربمباری کے حالات پر وضاحت کریں، ایک فرانسیسی شہری بدھ کو رفح میں رہائشی عمارت پر اسرائیلی بمباری میں مارا گیا تھا۔
خیال رہے کہ رفح میں اسرائیلی حملے میں فرانسیسی اہلکارسمیت 10 شہریوں کی موت واقع ہوئی تھی۔
رفح میں زور دار دھماکا:
عرب میڈیا کے مطابق رفح میں زوردار دھماکا ہوا جس میں رہائشی مکانات کونشانہ بنایاگیا، دھماکےمیں دو افراد شہید،متعدد زخمی ہیں جنہیں علاج کے لیےکویتی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ میں اپنے مزید دو فوجیوں کی ہلاکت کا اعتراف کیا ہے جس کے بعد غزہ جنگ میں ہلاک اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 121 ہو گئی ہے۔