17 دسمبر ، 2023
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اتوار کو چھٹی کے دن ڈکیتی کی تین وارداتیں ہوئیں اور ڈاکوؤں نے سیکٹر جی الیون میں ڈکیتی کے دوران پولیس ہیڈ کانسٹیبل کو بیٹے سمیت گولیاں مار کر جاں بحق جبکہ سیکٹر جی نائن کراچی کمپنی میں ڈاکوؤں نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر شہری کو قتل کر دیا۔
اسلام آباد کے تھانہ رمنا کی حدود جی الیون میں پولیس ہیڈ کانسٹیبل اشرف رات کو پولیس لائن ڈیوٹی کر کے واپس گھر لوٹا تو گلی میں ڈکیتی کی آواز آئی، فرض شناس دلیر ہیڈ کانسٹیبل ڈکیتوں کو دبوچنے کے لیے پہنچا تو ڈکیتوں نے فائرنگ کر کے شہید کر دیا۔
پولیس اہلکار کا 18 سالہ بیٹا والد کی مدد کو پہنچا تو ڈکیتوں نے گولیوں کی بوچھاڑ کر کے اسے بھی شہید کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔
پولیس حکام واقعے کی تفتیش اور شواہد اکٹھے کرنے میں مصروف تھے کہ سیکٹر جی نائن کراچی کمپنی میں بھی شہری کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر قتل کر دیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے دونوں واقعات میں ڈاکوؤں کے مختلف گروہ ملو ث ہیں جن کی تلاش کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
تیسرا واقعہ تھانہ گولڑہ کے علاقے میں پیش آیا جہاں پولیس ملازم مدثر کے گھر 6 سے زائد ڈاکو اہلخانہ کو یرغمال بنا کر لوٹ مار کر کے فرار ہو گئے۔
اسلام آباد پولیس لائنز میں شہید ہیڈ کانسٹیبل اشرف اور ان کے بیٹے کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی جس میں آئی جی اسلام آباد سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ضلعی انتظامیہ کے افسران شریک ہوئے۔