Time 18 دسمبر ، 2023
دنیا

اسرائیل اور حماس جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کیلئے تیار ہیں: مصری حکام کا دعویٰ

فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

مصری حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل اور حماس دونوں ہی جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کیلئے تیار ہیں۔

مصری حکام کا کہنا ہے اسرائیل اور حماس جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کیلئے تیار ہیں تاہم دونوں فریقین کا معاہدے کی تفصیلات پر اختلاف باقی ہے۔

خبرایجنسی کے مطابق حماس کی جانب سے رہا کیے جانے والے یرغمالیوں کی فہرست یکطرفہ طور پر تیار کرنے اور  اسرائیلی فوج سے پہلے کی متعین کردہ حدوں میں پیچھے ہٹنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب اسرائیل نے جنگ بندی کا وقت اور دورانیہ طے کرنے کے ساتھ رہا کیے جانے والے یرغمالیوں کی فہرست دیکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ قطر اور مصر کی غزہ میں نئی جنگ بندی کے معاہدے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق حماس اور اسرائیل کے درمیان جاری لڑائی میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کیلئے ہونے والے مذاکرات کے سلسلے میں اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ کی قطر کے وزیراعظم محمد بن عبدالرحمان سے ملاقات ہوئی، یرغمالیوں کی رہائی پر بات چیت مثبت رہی۔

اسرائیلی وزیراعظم نے گزشتہ رات مذاکرات ہونے کا اشارہ دیا اور آج غزہ میں جنگ جاری رکھنے کا اعلان کر دیا۔

دوسری طرف حماس نے بھی غزہ میں اسرائیل کے حملے ہمیشہ کیلئے رُکنے تک کسی قسم کے مذاکرات اور یرغمالیوں کی رہائی کا امکان مسترد کر دیا ہے۔

حماس کے مطابق انہوں نے بات چیت کی کوششوں میں شامل تمام ثالثوں تک اپنا پیغام پہنچا دیا ہے۔

ادھر امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کل اسرائیل کا دورہ کر رہے ہیں، امریکی دفاعی حکام کے مطابق لائیڈ آسٹن غزہ میں جنگ کی مدت کا تعین کرنے کیلئے اسرائیل پر دباؤ ڈالیں گے۔

مزید خبریں :