18 دسمبر ، 2023
اسرائیل کا مقبوضہ فلسطین کے علاقے غزہ میں زمینی آپریشن میں جانی نقصان بڑھنے لگا۔
اسرائیل نے غزہ کو مٹی کا ڈھیر بنانے کے بعد 27 اکتوبر سے زمینی آپریشن شروع کیا ہے اور یہ اب تک جاری ہے۔
اسرائیلی افواج کو غزہ میں مجاہدین کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا ہے اور اب مالی نقصان کے ساتھ ساتھ اسرائیلی افواج کا جانی نقصان بھی بڑھ رہا ہے۔
اسرائیلی افواج نے غزہ کے زمینی آپریشن میں مزید 5 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
اسرائیلی افواج کے مطابق 17 دسمبر اتوار کو غزہ میں زمینی آپریشن میں افسر سمیت 4 فوجی ہلاک ہوگئے جبکہ 14 دسمبر کو زخمی ہونے والا فوجی بھی مرگیا۔
اسرائیلی حکام نے بتایاکہ غزہ کے زمینی آپریشن میں مرنے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 127 تک پہنچ گئی۔
دوسری جانب مقبوضہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے 17 دسمبر کو اسرائیلی فوجی گاڑی پر حملے کی ویڈیو جاری کی ہے۔
ویڈیو میں فوجی گاڑی کو مکمل تباہ ہوتے اور اسرائیلی فوجیوں کو جھلسی ہوئی حالت میں بھاگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اُدھر مغربی طاقتوں کی ایما پر اسرائیل کی غزہ وحشیانہ بمباری جاری ہے۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق آج غزہ اسرائیلی بمباری میں 151 فلسطینی شہید ہوئے۔
فلسطینی حکام نے بتایاکہ 7 اکتوبر سے اب تک غزہ میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 19 ہزار 453 ہوگئی جبکہ زخمیوں کی تعداد 52 ہزار 286 ہے۔