Time 18 دسمبر ، 2023
دنیا

’بہت دیر کردی، ہمارا مشن تو مکمل ہوگیا‘: حماس کا سرنگ تلاش کرنے کے اسرائیلی دعوے پرطنز

مقبوضہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے اسرائیل کی جانب غزہ میں سب سے بڑی سرنگ تلاش کرنے کے فخریہ اعلان پر معنی خیز ردعمل دیا ہے۔

گزشتہ روز اسرائیل نے دعویٰ کیا تھاکہ غزہ میں القسام بریگیڈز کے زیر استعمال سب سے بڑی سرنگ تلاش کرلی ہے اور یہ سرنگ 4 کلومیٹر طویل اور 165 فٹ گہرائی میں جاتی ہے جس میں بجلی کا نظام بھی موجود ہے۔

یہ سرنگ ایریز بارڈر کراسنگ اور اسرائیلی فوجی چھاؤنی کے قریب ہے۔ اس سرنگ کا اسرائیلی وزیر دفاع نے بھی دورہ کیا تھا۔ اسرائیل فوج کے مطابق حماس نے اس سرنگ کو 7 اکتوبر کے حملوں میں استعمال کیا تھا۔

تاہم اب حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے سرنگ کی ویڈیو جاری کی ہے جس میں سے نکل کر مجاہدین نے اسرائیلی فوجی چھاؤنی پر حملہ کیا تھا اور کئی اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کیا تھا۔

اس کے ساتھ ہی مجاہدین مقبوضہ علاقوں میں داخل ہوئے تھے اور اس حملے میں اسرائیلی فوجی و پولیس اہلکاروں سمیت ایک ہزار سے زائد اسرائیلی ہلاک ہوئے تھے۔

ویڈیو کے ساتھ القسام بریگیڈز نے لکھاکہ ’بہت دیر کردی، ہمارا مشن تو مکمل ہوگیا‘۔

اس کے علاوہ القسام بریگیڈز نے اسرائیلی فوج پر راکٹوں، مارٹر گولوں سے حملوں کیے ہیں جس میں کئی اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے جبکہ مرکاوا ٹینک اور بکتر بند گاڑیوں سمیت متعدد فوجی گاڑیاں تباہ کردیں۔

اسرائیلی فوج نے اتوار کو زمینی آپریشن میں مزید 5 فوجی اہلکاروں کی ہلاکت کا اعتراف کیا ہے جس کے بعد غزہ آپریشن میں مرنے والے فوجیوں کی تعداد 127 ہوگئی ہے۔

مزید خبریں :