20 دسمبر ، 2023
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت نے لاہور سے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے۔
ذرائع ن لیگ کے مطابق نوازشریف، شہباز شریف، مریم نواز اور حمزہ شہباز کے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے گئے ہیں۔
ذرائع ن لیگ کا کہنا ہے کہ ن لیگ کی قیادت اپنے پرانے حلقوں سے ہی الیکشن میں حصہ لے گی۔
ذرائع نے بتایاکہ نواز شریف لاہور کے این اے 130 اور مانسہرہ سے بھی الیکشن لڑیں گے، شہباز شریف لاہور کے این اے 123، صوبائی اسمبلی کی نشست جبکہ مریم نواز این اے 119 اور اسی حلقے سے صوبائی اسمبلی کی سیٹ کیلئے انتخابات لڑیں گی۔
ذرائع کے مطابق مریم نواز دو صوبائی حلقوں سے الیکشن میں حصہ لیں گی جبکہ حمزہ شہباز این اے 118 سےالیکشن میں حصہ لیں گے۔
ذرائع نے مزید بتایاکہ لاہور کے این اے 119سے علیم خان نے بھی کاغذات نامزدگی لیے ہیں۔
خیال رہے کہ ملک میں عام انتخابات کیلئے پولنگ 8 فروری کو ہوگی اور ابھی کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔