21 دسمبر ، 2023
سکیورٹی اداروں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں کارروائی کرتے ہوئے ایک ہفتہ قبل سکیورٹی فورسز کے کمپاؤنڈ پر ہونے والے حملے کے ماسٹر مائنڈ اور 7 سہولت کاروں سمیت 9 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔
جیو نیوز کو موصول دستاویزات کے مطابق دہشتگرد حملے میں ملوث ماسٹر مائنڈ کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقہ درابن سے ہے جبکہ حملے میں ملوث 6 دہشتگرد افغانستان سے تعلق رکھتے ہیں۔
دستاویزات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں خودکش حملہ کرنے والے دہشتگرد حسن عرف شاکر کا تعلق افغانستان سے ہے، جس نے حملے سے قبل ویڈیو بھی جاری کی تھی جبکہ حملے میں ہلاک دوسرے خودکش حملہ آور صفت اللہ مروت کا تعلق امارت اسلامی افغانستان سے ہے۔
خودکش حملہ آور صفت اللہ کا شناختی کارڈ، ڈومیسائل اور دیگر دستاویزات بھی جیو نیوز کو موصول ہو گئی ہیں جبکہ خودکش حملہ صفت اللہ کے والد نے بیٹے کے امارت اسلامی سے تعلق کی بھی تصدیق کردی ہے۔
دستاویزات کے مطابق کالعدم ٹی ٹی پی گنڈاپور گروپ کے 5 دہشتگرد بھی اس حملے میں ملوث تھے۔
موصول دستاویزات کے مطابق دہشتگردوں کے پاس سے امریکی ساختہ اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
یاد رہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان حملے میں 22 اہلکار شہید جبکہ 29 زخمی ہوئے تھے جبکہ حملے میں 2 خودکش حملہ آوروں سمیت دیگر 2 دہشتگرد بھی ہلاک ہوئے تھے۔