پاکستان
Time 22 دسمبر ، 2023

توشہ خانہ کیس: پی ٹی آئی کا اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان

چیئرمین بیرسٹر گوہر خان کا اتنا تجربہ نہیں جتنا میرا ہے، پیپلز پارٹی کے ساتھ یہ سب ہو چکا ہے، سپریم کورٹ سے معطل ہو جائے گا: لطیف کھوسہ کی جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو
چیئرمین بیرسٹر گوہر خان کا اتنا تجربہ نہیں جتنا میرا ہے، پیپلز پارٹی کے ساتھ یہ سب ہو چکا ہے، سپریم کورٹ سے معطل ہو جائے گا: لطیف کھوسہ کی جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیئر وکیل لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ توشہ خانہ کیس میں ٹرائل کورٹ کا فیصلہ معطل کروانے کیلئے بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جا رہے ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ ہائی کورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ سے معطل ہو جائے گا۔

میزبان شاہزیب خانزادہ کے ساتھ گفتگو کے دوران لطیف کھوسہ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو طعنہ مارتے ہوئے کہا کہ بیرسٹر گوہر خان کا اتنا تجربہ نہیں جتنا میرا ہے، پیپلز پارٹی کے ساتھ یہ سب ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بڑی پارٹی کو باہر رکھ کر الیکشن کی ساکھ متاثر کی جا رہی ہے، پی ٹی آئی نے متبادل پلان تیار کرلیا ہے۔

لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو جو سزا دی گئی وہ غلط تھی، فیصلہ عبوری تھا اسے تبدیل کیا جاسکتا ہے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں ٹرائل کورٹ کا فیصلہ مکمل طور پر معطل کرنے کی متفرق درخواست مسترد کر دی۔

عدالت نے فیصلے میں لکھا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے سزا معطلی کی درخواست میں فیصلہ معطل کرنے کی استدعا ہی نہیں کی تھی، سپریم کورٹ واضح کر چکی ہے کہ سزا معطلی سے فیصلہ معطل نہیں ہوتا۔

فیصلے میں لکھا گیا کہ عدالت کے علم میں آیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے نا اہلی سے متعلق الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے جس پر عدالت نے نوٹس بھی جاری کر رکھے ہیں۔

واضح رہے کہ عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں عدالت نے سزا معطل کر رکھی ہے، بانی پی ٹی آئی نے نا اہلی ختم کرانے کیلئے مکمل فیصلہ معطل کرنے کی استدعا کی تھی۔

مزید خبریں :