Time 22 دسمبر ، 2023
پاکستان

لاہور: لیاقت بلوچ، لطیف کھوسہ اور سلمان اکرم راجا نے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے

جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ نے این اے 123 اور این اے 128، لطیف کھوسہ کیلئے این اے 122 اور سلمان اکرم راجا کیلئے این اے 128 سے کاغذات نامزدگی وصول کیے گئے— فوٹو: فائل
جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ نے این اے 123 اور این اے 128، لطیف کھوسہ کیلئے این اے 122 اور سلمان اکرم راجا کیلئے این اے 128 سے کاغذات نامزدگی وصول کیے گئے— فوٹو: فائل

آئندہ عام انتخابات کیلئے لاہور کے مختلف حلقوں پر امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی حاصل کرنے اور جمع کروانے کا سلسلہ جاری ہے۔

لاہور سے انتخابات میں حصہ لینے کیلئے جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے قومی اسمبلی کے دو حلقوں سے کاغذات جمع کروادیے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سینیئر وکیل لطیف کھوسہ اور سلمان اکرم راجا نے بھی کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے۔

جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ نے این اے 123 اور این اے 128 سے کاغذات نامزدگی جمع کیے جبکہ پی ٹی آئی رہنما لطیف کھوسہ کیلئے این اے 122 اور سلمان اکرم راجا کیلئے این اے 128 سے کاغذات نامزدگی حاصل کیے گئے۔

چوہدری عبدالغفور نے لاہور سے قومی اسمبلی کی نشست 123 کیلئے کاغذات حاصل کئے۔

صوبائی الیکشن آفس میں خواتین کی مخصوص اور اقلیتی نشستوں کیلئے کاغذات جمع کروانے کا سلسلہ بھی جاری رہا۔

سابق ایم این اے تہمینہ دولتانہ، شہناز سلیم، صبا صادق، عظمیٰ کاردار، سلمیٰ بیگم، حسینہ بیگم، فاطمہ بیگم اور شہلا شاہد بٹ نے مسلم لیگ ن کی طرف سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔

 پیپلز پارٹی کی جانب سے شگفتہ چوہدری، سونیا خان اور منزہ حبیب نے کاغذات جمع کروائے جبکہ سعدیہ سہیل رانا نے استحکام پاکستان پارٹی کی جانب سے کاغذات حاصل کئے۔

سابق ایم این اے نزہت عامر، فرزانہ بٹ اور شہزادی کبیر نے بھی کاغذات حاصل کئے۔

اقلیتوں کی مخصوص نشست کیلئے سردار ر میش سنگھ اروڑہ اور دیگر امیدواروں نے بھی کاغذات جمع کروائے۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق آئندہ انتخابات کیلئے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی آج 22 دسمبر آخری تاریخ ہے۔

مزید خبریں :