Time 24 دسمبر ، 2023
پاکستان

والدہ قیصرہ الہٰی سے کاغذات نامزدگی چھیننے کی کوشش، مؤنس الہٰی نے ویڈیو شیئر کردی

آج سارا دن ان کی والدہ کو الیکشن لڑنے کیلئے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروانے دیے گئے لیکن جب آگے جانے دیا گیا تو ان سے کاغذاتِ چھیننے کی کوشش کی گئی: مؤنس الہٰی— فوٹو: فائل/اسکرین گریب
آج سارا دن ان کی والدہ کو الیکشن لڑنے کیلئے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروانے دیے گئے لیکن جب آگے جانے دیا گیا تو ان سے کاغذاتِ چھیننے کی کوشش کی گئی: مؤنس الہٰی— فوٹو: فائل/اسکرین گریب

 مؤنس الہٰی نے اپنی والدہ سے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کیلئے جاتے ہوئے دفتر کے دروازے پر موجود نامعلوم شخص کی جانب سے کاغذات چھیننے کی کوشش کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔

پرویز الہٰی کی اہلیہ قیصرہ الہٰی پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 32 کیلئے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کیلئے جا رہی تھیں جب ان سے کاغذات چھیننے کی کوشش کی گئی تاہم انہوں نے اس شخص کی کوشش کو ناکام بنادیا اور اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروادیے۔

 مؤنس الہٰی نے واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری کرتے ہوئے لکھا کہ آج سارا دن میری والدہ کو الیکشن لڑنے کیلئے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروانے دیے گئے لیکن جب والدہ کو کاغذات نامزدگی جمع کروانے کیلئے آگے جانے دیا گیا تو گیٹ کے ساتھ کھڑے شخص نے ان سے کاغذات چھیننے کی کوشش کی۔

اپنی پوسٹ میں انہوں نے سوال اٹھایا کہ والدہ کے ارد گرد موجود سویلین کپڑوں میں یہ لوگ کون ہیں؟

دوسری جانب لاہور  ہائی کورٹ میں قیصرہ الہٰی کے کاغذات نامزدگی جمع نہ کرنے کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت میں پنجاب حکومت اور الیکشن کمیشن کے وکیل نے اپنی رپورٹ عدالت میں پیش کردی۔

جسٹس علی باقر نجفی کی عدالت میں پیش کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ قیصرہ الہٰی سمیت دیگر نے مجموعی طور  پر چار حلقوں کیلئے کاغذات نامزدگی حاصل کیے تھے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ قیصرہ الہٰی کے کاغذات نامزدگی 2 حلقوں سے جمع ہوچکے ہیں بقیہ 2 حلقوں سے تفصیلات آنا باقی ہیں۔

عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو متعلقہ حلقوں سے کاغذات نامزدگی جمع ہونے کی تصدیق کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

مزید خبریں :