24 دسمبر ، 2023
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ن لیگ کے قائد نواز شریف پر طنزیہ وار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے میاں صاحب کا نعرہ تھا، مجھے کیوں نکالا، اس الیکشن میں ان کا نعرہ ہوگا مجھے کیوں بلایا؟
بلاول بھٹو زرداری نے عام انتخابات کیلئے لاڑکانہ سے این اے 194 پر بھی کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ہیں۔
لاڑکانہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے دعویٰ کیا کہ پی پی کا کسی سیاسی جماعت سے کوئی مقابلہ نہیں، اُن کا مقابلہ معاشی بحران اور مہنگائی کے طوفان سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بنانے کا موقع ملا تو ملک کے نوجوانوں کو ریلیف دیں گے۔
بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ سائفر کیس میں بہت بڑا سکیورٹی بریچ ہوا،حقیقت عوام کے سامنے آنی چاہیے، ججز صاحبان سائفر کے پیچھے کی کہانی جاننے کے لیے جوڈیشل انکوائری کرائیں۔
انہوں نے کہا کہ مزدوروں،کسانوں کو ان کا حق دلوانا چاہتے ہیں،صحت کی سہولتیں ہر شہری کے لیے مفت ہونی چاہئیں ، ملک کے عوام مہنگائی کے باعث مشکل میں ہیں، پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو عوام کی طرف دیکھ رہی ہے، عوام سے ان کا ساتھ مانگ رہا ہوں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کسی سیاستدان کے خلاف سیاسی انتقام کے حق میں نہیں ہوں، اب تک کسی جماعت کے ساتھ اتحاد نہیں بنا، غلطیوں سے سیکھ چکا ہوں، الیکشن میں حصہ لیں گے، عوام حکومت بنائیں گے، الیکشن میں سب کو دعوت ہے آئیں مقابلہ کریں۔