Time 26 دسمبر ، 2023
دنیا

غزہ میں اسرائیلی جارحیت جاری، ہلال احمر ہیڈکوارٹر پر بھی حملہ

فوٹو:@PalestineRCS
فوٹو:@PalestineRCS

غزہ  میں اسرائیلی فوج کی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے، صیہونی فوج نے فلسطینی  ہلال  احمر کے ہیڈکوارٹر  پر  بھی حملہ کیا ہے۔

ہلال احمر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہےکہ اسرائیلی فوج نے خان یونس میں واقع  ہیڈکوارٹر کی بالائی منزلوں کو نشانہ بنایا۔

ہلال احمر کے مطابق اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں اور اموات کا بھی خدشہ ہے۔

ہلال احمرکا کہنا ہےکہ ہیڈکوارٹر کے احاطے میں ہزاروں بے گھر  پناہ گزین ہیں۔

دوسری جانب  غزہ کے رہائشی علاقوں پر اسرائیلی طیاروں نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 100 سے زائد مقامات پر حملے کرکے 241 فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔

7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت میں اب تک  شہدا کی تعداد 20 ہزار 900 سے تجاوز کرگئی ہے۔

53 ہزار  سے زائد افراد  زخمی ہیں، شہدا میں 8 ہزار سے زائد بچے اور 6 ہزار سے زائد خواتین شامل ہیں۔

310 طبی عملےکے ارکان اور 100 صحافی شہید ہوچکے ہیں جب کہ سول ڈیفنس کے 35 اہلکار بھی جان کی بازی ہارچکے ہیں۔

دوسری جانب فلسطینیوں سے تضحیک  آمیز سلوک کا ایک اور  واقعہ سامنے آیا ہے، اسرائیلی فوج کی جانب سے اسٹیڈیم میں بچوں اور  بڑوں کو برہنہ کرکے قطار میں کھڑا کیا گیا۔

مزید خبریں :