Geo News
Geo News

Time 27 دسمبر ، 2023
دنیا

ترک صدر نے اسرائیلی وزیر اعظم کو موجودہ دور کا ہٹلر قرار دے دیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل 

ترک صدر رجب طیب اردوان نے ایک بار پھر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق انقرہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر نے کہا کہ نیتن یاہو ہٹلر سے مخلتف نہیں ہے، ہٹلر نے دہائیوں پہلے یورپ میں جو کچھ کیا، اسرائیلی وزیراعظم غزہ میں اس سے کچھ کم نہیں کر رہا۔

ترک صدر رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو تو اتنا امیر ہے جتنا ہٹلر بھی نہیں تھا، اس کو مغربی حمایت مل رہی ہے، امریکا کی ہر قسم کی مدد حاصل ہے اور نیتن یاہو نے ان ساری حمایتوں اور مدد کے ساتھ 20 ہزار سے زیادہ فلسطینیوں کو مار دیا۔

انہوں نے کہا کہ جرمنی آج تک ہٹلر کے مظالم کی قیمت ادا کر رہا، ہٹلر کی وجہ سے آج تک جرمنی کا سر جُھکا ہوا ہے۔

واضح رہے 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی وحشیانہ بمباری سے 20 ہزار 977 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جبکہ 54 ہزار 536 افراد زخمی ہوئے ہیں، شہدا اور زخمیوں میں نصف سے زائد تعداد صرف بچوں اور خواتین پر مشتمل ہے۔

ادھر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ایک بار پھر غزہ جنگ طویل عرصے جاری رکھنے کی دھمکی دی ہے۔