15 مئی ، 2021
ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ ترکی اسرائیل کے فلسطین پر وحشیانہ حملوں کے بعد خطے میں امن کے لیے کوئی بھی ذمہ داری ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے فلسطین کے معاملے بین الاقوامی برادری کی بےحسی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی دہشتگردریاست نےانسانیت سوزی کی تمام حدیں عبورکر لی ہیں۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس کی حفاظت پوری انسانیت کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے بہیمانہ حملوں پر سیاسی مفادات کی وجہ سے آنکھ بند کی گئی لیکن ہم فلسطینوں پر ہونے والے اسرائیلی ظلم پر خاموش نہیں بیٹھیں گے، اسرائیل کی حمایت کرنے والےجان لیں ایک دن ان کے ساتھ بھی ایساہو سکتاہے۔
گزشتہ روز بھی ترک صدر نے فلسطینیوں پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کوشش کر رہے ہیں کہ عالمی برادری اسرائیل کو سبق سکھائے۔