29 دسمبر ، 2023
پشاور: آئی جی خیبرپختونخوا اخترحیات خان نے کہا ہے کہ رواں سال دہشتگردی کے 15 واقعات میں سے 10 واقعات میں افغان دہشتگرد ملوث پائے گئے ہیں۔
جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی کے پی کے نے کہا کہ دہشتگردی کے واقعات میں پڑوسی ملک سے دہشتگردوں کو جدید اسلحہ تک رسائی ہوئی تاہم انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ہمراہ پولیس جدید ٹیکنالوجی سے شدت پسندوں کا مقابلہ کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں رواں سال 185 پولیس اہلکار شہید اور 400 زخمی ہوئے، رواں سال 917 دہشتگردوں کو گرفتار اور 300 شدت پسندوں کو مارا گیا جب کہ رواں سال پولیس پر 137 حملوں کو ناکام بنایا گیا۔
اختر حیات نے بتایا کہ پولیس لائنز پشاور حملے سمیت دہشتگردی کے تمام کیسز ٹریس کرلیے گئے ہیں جب کہ بھتہ خوری میں استعمال کی جانے افغان موبائل سمزکو ٹریس کرنا مشکل ہے۔
آئی جی پولیس کا کہنا تھا کہ ڈی آئی خان، ٹانک، لکی مروت میں پولیس اورانٹیلی جنس ایجنسیز نے مل کر کام کیا، اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے لیے کمانڈ کنٹرول سینٹرز بنائے گئے ہیں۔