29 دسمبر ، 2023
اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے پیش نظر نئے سال کی تقریبات، میوزیکل نائٹس اور آتشبازی کے تمام اجازت نامے منسوخ کردیے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی جانب سے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے پیش نظر اقدام کیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہےکہ شہری حکومتی فیصلےکے پیش نظر کسی بھی قسم کی تقریبات کے انعقاد سے گریز کریں۔
خیال رہےکہ گزشتہ روز نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے نئے سال کی آمد پر ہر قسم کی تقریب پر پابندی کا اعلان کیا تھا۔
قوم کو پیغام میں انوار الحق کا کڑ کا کہنا تھاکہ قابض اسرائیلی فورسز فلسطین میں تباہی مچا رہی ہے، پوری پاکستانی قوم اور امت مسلمہ بے گناہ فلسطینیوں کے قتل عام خاص طورپر بچوں کے قتل پرگہرے دکھ میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے فلسطین کے مظلوم عوام کے لیے تمام بین الاقوامی فورمز پر آواز اٹھائی ہے اور مستقبل میں بھی ایسا کرتا رہےگا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ فلسطینیوں سے اظہاریکجہتی کے لیے سال نوپرتقریبات نہیں ہوں گی اور پوری قوم فلسطینیوں کےساتھ یکجہتی کے لیےکھڑی ہے۔
انوار الحق کاکڑ نے عوام سے اپیل کی کہ غزہ کے مظلوم لوگوں کے ساتھ یکجہتی کااظہار کرتے ہوئے نئے سال کی آمد کوسادگی سے منائیں۔