30 دسمبر ، 2023
سیالکوٹ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 70 سے پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما عثمان ڈار کی والدہ کے کاغذات نامزدگی مسترد ہو گئے۔
ریٹرننگ افسر نے این اے 70 سیالکوٹ سے عثمان ڈار کی والدہ ریحانہ ڈار کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جبکہ این اے 71 سیالکوٹ سے عمر ڈار کی اہلیہ اروبا ڈار کے کاغذات نامزدگی بھی مسترد ہو گئے۔
ساس بہو نے سیالکوٹ سے مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما خواجہ آصف کے مقابلے میں کاغذات جمع کرائے تھے۔
آر او نےکاغذات میں سوشل سکیورٹی واجبات کی عدم ادائیگی اور اثاثے ظاہر نہ کرنے پر دونوں کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل عثمان ڈار نے اپنے گھر پر پولیس چھاپے کا الزام خواجہ آصف پر عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے میرے گھر پولیس بھجوائی اور پولیس نے میری والدہ کے کپڑے بھی پھاڑ ڈالے جبکہ خواجہ آصف نے جیو نیوز کے پروگرام میں عثمان ڈار کے اس الزام کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ معاملے کی ہر سطح پر تحقیقات کروا لی جائے، میرا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں ہے، عثمان ڈار کو شرم آنی چاہیے کہ وہ سیاست کے لیے اپنی والدہ کی عزت کو داؤ پر لگا رہے ہیں۔
سابق وزیر دفاع نے الزامات عائد کرنے پر عثمان ڈار اور ان کی والدہ کو ایک ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھی بھجوا دیا ہے۔