Time 31 دسمبر ، 2023
کاروبار

ایف بی آر کا غیر رجسٹرڈ ٹیکس دہندگان کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ

مجموعی طور پر غیر رجسٹرڈ 81 لاکھ 95 ہزار سے زائد افراد کو نوٹس جاری کر چکے ہیں: ترجمان ایف بی آر۔ فوٹو فائل
مجموعی طور پر غیر رجسٹرڈ 81 لاکھ 95 ہزار سے زائد افراد کو نوٹس جاری کر چکے ہیں: ترجمان ایف بی آر۔ فوٹو فائل

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) شرائط کے مطابق زیادہ سے زیادہ افراد کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے غیر رجسٹرڈ ٹیکس دہندگان کے بجلی اور ٹیلیفون کے کنکشنز منقطع کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔

جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان ایف بی آر نے بتایا کہ مجموعی طور پر غیر رجسٹرڈ 81 لاکھ 95 ہزار سے زائد افراد کو نوٹس جاری کر چکے ہیں، ٹیکس سال2022 کیلئے 24 لاکھ 98 ہزار419 غیر رجسٹرڈ افراد کو نوٹس جاری کیے گئے جبکہ ٹیکس سال2023 کیلئے56 لاکھ 96 ہزار590 غیررجسٹرڈ افراد کونوٹس جاری کیے گئے۔

ترجمان ایف بی آر کے مطابق ان نوٹسزکے جاری ہونے سے پہلے مرحلے کی کارروائی مکمل ہو گئی، دوسرے مرحلے میں غیر رجسٹرڈ بڑے ٹیکس دہندگان کے ٹیلیفون کنکشن منقطع کرنے کا منصوبہ ہے، ان افراد کو انکم ٹیکس جنرل آرڈر کے تحت نوٹسز جاری کیے گئے۔

ذرائع ایف بی آر کے مطابق دوسرے مرحلے میں ان افراد کے بجلی کے کنکشن منقطع کیے جانے کا منصوبہ بھی شامل ہے، ان افراد کی تفصیلات بینکوں کے لین دین سے حاصل کی گئی ہیں، کاروباری افراد کی طرف سے خریدوفروخت کا ڈیٹا بھی نادرا کی مدد سے حاصل کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ آئی ایم ایف نے قرض کی منظوری کے لیے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی شرط عائد کر رکھی ہے۔