31 دسمبر ، 2023
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہےکہ لندن سے آنے سے پہلے فیصلہ لیا گیا شیخ رشید کو نااہل کیا جائے۔
پنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھاکہ چوری کیلئے بھی عقل چاہیے ہوتی ہے، ملک معاشی لحاظ سے بیٹھ رہا ہے، سپریم کورٹ نے صرف بانی پی ٹی آئی نہیں، مجھے بھی صادق و امین کہا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے 40 دن کا چلہ کاٹا، کسی نے تشدد نہیں کیا، کئی بار وزیررہنے والے پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں، اصلی اور نسلی ہوں، کھڑا رہوں گا، میں نے ٹی وی پر سنا کہ نااہل ہوگیا ہوں، کل آر او آفس 4 بجے بلایا ہے۔
نواز شریف کا نام لیے بغیر ان کا کہنا تھاکہ لندن سے آنے سے پہلے فیصلہ کیا گيا کہ شیخ رشید کو نااہل کیا جائے، ایک چور شخص شیخ رشید کا راستہ روکنا چاہتا ہے، ملک ڈوب رہا ہے کیونکہ آپ چوروں کو لیکر آئے ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ مجھ پر ایک ہی الزام ہے کہ میں سچا ہوں،اصلی اور نسلی بندہ ہوں، میرے پاس بڑے جواب ہیں، کل ہائیکورٹ میں بھی آپ کو جواب دے سکتا ہوں، ریٹرننگ افسرکی جانب سے ابھی تک نااہلی کے حوالے سے کوئی کاپی نہیں دی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ریٹرننگ افسر نے شیخ رشید کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے تھے۔