Time 01 جنوری ، 2024
پاکستان

سپریم کورٹ، لیول پلیئنگ فیلڈ کیس میں وقفے کے بعد پی ٹی آئی کا کوئی وکیل پیش نہ ہوا

سپریم کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کو انتخابات میں لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ملنے کے کیس کی سماعت میں وقفے کے بعد پی ٹی آئی کا کوئی وکیل عدالت کے روبرو پیش نہ ہوا اور کیسز مکمل ہونے پر بینچ اٹھ کر چلا گیا۔

سپریم کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کو انتخابات میں لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ملنے کی شکایت پر کیس کی سماعت ہوئی اورپی ٹی آئی کے وکیل جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے سامنے پیش ہوئے۔

چیف جسٹس نے ابتدائی عدالتی کارروائی کے بعد سماعت میں وقفہ کرتے ہوئے تحفظات سننے کے لیے پی ٹی آئی کے وکیل کو ساڑھے 11 بجے پیش ہونے کی ہدایت کی۔

وقفے کے بعد سپریم کورٹ میں دوبارہ عدالت لگی لیکن پی ٹی آئی کا کوئی وکیل پیش نہ ہوا اور کیسز مکمل ہونے پر بینچ اٹھ کر چلا گیا۔

اس حوالے سے تحریک انصاف کے وکیل شعیب شاہین کا دعویٰ ہے کہ اُن کی سپریم کورٹ کے رجسٹرار سے ملاقات ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ رجسٹرار نے درخواست سماعت کیلئے مقرر کرنے کی یقین دہائی کرائی، آج یا کل درخواست سماعت کیلئے مقرر ہوجائے گی۔

دوسری جانب سپریم کورٹ میں تحریک انصاف کی الیکشن کمیشن کے خلاف توہین عدالت کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی گئی ہے۔

سپریم کورٹ کا 3 رکنی بینچ درخواست پر 3 جنوری کو سماعت کرے گا۔ سپریم کورٹ سے پی ٹی آئی کی درخواست پرسماعت کرنے والے بینچ کی کاز لسٹ جاری کی جائے گی۔

پی ٹی آئی نےلیول پلیئنگ فیلڈ نہ ملنے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔

مزید خبریں :