بابر اعظم اہم کھلاڑی ہیں ان کے حوالے سے کوئی تحفظات نہیں، کپتان شان مسعود

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب 

پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ بابر اعظم ٹیم کے اہم کھلاڑی ہیں، ان کے حوالے سے تحفظات بلکل نہیں ہیں۔

آسٹریلیا کے خلاف سڈنی میں سیریز کے آخری ٹیسٹ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بابر کو میلبرن ٹیسٹ کی دوسری اننگز سے اعتماد ملا ہوگا، اننگز میں کبھی کبھار صرف رنز ہی نہیں دیکھنے ہوتے، یہ بھی دیکھنا ہوتا ہے کہ کس طرح کوالٹی بولنگ ہورہی ہے۔

انہوں  نے امید ظاہر کی کہ سڈنی ٹیسٹ میں بابر اعظم ایک بڑی اننگز کھیلیں گے۔

 شان مسعود کا مزید کہنا تھا کہ یہ حقیقیت ہے کہ ورک لوڈ سے فٹنس مسائل پیدا ہوتے ہیں، ہمارے اہم کھلاڑی تین سال سے تمام فارمیٹ کی کرکٹ کھیل رہے ہیں، تین سال میں 2 ورلڈ کپ ہوئے ،ٹیسٹ چیمپئن شپ بھی ہو رہی ہوتی ہے پھر لیگز اور پی ایس ایل کی وجہ سے آرام نہیں ملا۔

ان کا کہنا تھا کہ مستبقل کیلئے فیصلے لینے ہوں گے، خرم شہزاد، عامر جمال کو موقع دیا جبکہ میر حمزا کی واپسی ہوئی،  دیگر شعبوں میں بھی ڈومیسٹک پرفرامر کو موقع دینا ہوگا، نئے کھلاڑیوں کے آنے سے اہم کھلاڑیوں کو آرام کا موقع ملے گا۔

شان مسعود نے کہا کہ میلبرن ٹیسٹ میں کئی سبق ملے، کئی بار جیت کے موقع ملے، تاہم غلطیوں سے سیکھیں گے، اچھی بات یہ کہ ٹیم نے ایفرٹ کی، شاٹ پِچ بال پر ہمارے آخری دو تین کھلاڑی آؤٹ ہوئے، باقی بیٹرز نے شاٹ پِچ بال اچھی کھیلی۔

 ان کا کہنا تھا کہ غیر ذمہ داری تو سخت لفظ ہے، زندگی میں کچھ پانے کیلئے رسک تو لینا پڑے گا، کبھی فیل بھی ہوں گے، کبھی غلطیاں بھی ہوں گی، تھوڑا ہمیں بھی صبر کرنا ہوگا اسٹیک ہولڈر کو بھی تحمل کا مظاہرہ کرنا ہوگا، یہ دیکھنا ہوگا کہ ہماری نیت کیا ہے اچھی اور بہتری کیلئے ہے تو سپورٹ بھی کرنا ہوگا۔

شان مسعود نے کہا کہ کپتان کو سب سے پہلے اپنے کھلاڑی کیلئے کھڑا ہونا پڑتا ہے، ٹیم کا ماحول اچھا رکھنا ہوتا ہے کیونکہ 18 میں سے 11 کا انتخاب کرنا ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا آخری ٹیسٹ میچ 3 جنوری سے سڈنی میں کھیلا جائے گا، کینگروز کو سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔

مزید خبریں :