Time 03 جنوری ، 2024
کھیل

جب تک چیف سلیکٹر ہوں کسی کھلاڑی کیساتھ ناانصافی نہیں ہو گی: وہاب ریاض

کوشش ہے ماضی میں کھلاڑیوں کے ساتھ جو ناانصافیاں ہوئیں وہ نہ ہوں: چیف سلیکٹر۔ فوٹو فائل
کوشش ہے ماضی میں کھلاڑیوں کے ساتھ جو ناانصافیاں ہوئیں وہ نہ ہوں: چیف سلیکٹر۔ فوٹو فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر وہاب ریاض کا کہنا ہے چار سال سے ڈومیسٹک کرکٹ سے کسی کھلاڑی کو اُوپر نہیں آنے دیا گیا لیکن جب تک میں ہوں کسی کھلاڑی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہو گی۔

جیو نیوز کے پروگرام اسپورٹس فلور میں گفتگو کرتے ہوئے چیف سلیکٹر وہاب ریاض کا کہنا تھا نئے سال میں کچھ اہداف مقرر کیے ہیں، ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بہترین ٹیم کمبی نیشن بنانا ہدف ہے، مڈل آرڈر بیٹنگ کے ایشوز کو حل کرنا بھی اہداف میں شامل ہے۔

ان کا کہنا تھا بابر اور رضوان کے سوا کوئی بھی تسلسل سے پرفارم نہیں کر رہا، چار سال سے ڈومیسٹک کرکٹ سے کسی کھلاڑی کو اُوپر نہیں آنے دیا گیا، کوشش ہے ماضی میں کھلاڑیوں کے ساتھ جو ناانصافیاں ہوئیں وہ نہ ہوں، جب تک میں ہوں کسی کھلاڑی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہو گی۔

وہاب ریاض کا کہنا تھا کسی ایک فارمیٹ میں ناکام کھلاڑ ی کو مکمل باہر نہیں کریں گے، کھلاڑی جس فارمیٹ میں ناکام ہوگا اُسےاسی فارمیٹ سے ڈراپ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ شاہین آفریدی نے 307 دن کرکٹ کھیلی اُن کی رفتار میں کمی آئی، دیگر بولرز فٹنس مسائل کی وجہ سے اپنی رفتار کھو رہے ہیں، نسیم شاہ فٹ ہو گئے ہیں اور انہوں نے بولنگ شروع کر دی ہے، محمد حسنین نے ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے لگائے گئے کیمپ میں بولنگ کی، نسیم اور حسنین جلد ایکشن میں دکھائی دیں گے تاہم فاسٹ بولر احسان اللہ کو ابھی فٹ ہونے میں وقت لگے گا۔

مزید خبریں :