Time 03 جنوری ، 2024
پاکستان

اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں دھند، آج بھی 20 پروازیں منسوخ

دو دن میں منسوخ پروازوں کی تعداد 50 ہوگئی ہے: ائیرپورٹ ذرائع/ فائل فوٹو
دو دن میں منسوخ پروازوں کی تعداد 50 ہوگئی ہے: ائیرپورٹ ذرائع/ فائل فوٹو

اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث فضائی آپریشن آج بھی شدید متاثر ہے جس کے  سبب مختلف ائیرپورٹس کی مزید 20 پرواز منسوخ کر دی گئی ہیں۔

اسلام آباد کا فلائٹ آپریشن درہم برہم ہونے کی وجہ سے پی آئی اے کا شیڈول شدید متاثر ہوا ہے۔

فلائٹ شیڈول کے مطابق اسلام آباد سے جدہ، دوحا، دبئی جبکہ دوحا سے پشاور ، کراچی اور  لاہور کیلئے نجی ائیرلائن کی پرواز یں  بھی منسوخ کر دی گئیں، کراچی سے اسلام آباد کیلئے نجی ائیر لائن کی پرواز اور کراچی سے سکھر کیلئے پرواز  بھی منسوخ ہوئیں۔

دبئی سے ملتان اور چین کے شہر نینگ سے کراچی کیلئے کارگو پرواز یں بھی منسوخ ہو گئی ہیں۔

ادھر موسم مسلسل خراب رہنے کی وجہ سے اسلام آباد سے اسکردو  اورگلگت کی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ مسقط سے ملتان کی پروازیں بھی منسوخ ہو گئیں۔

اس کے علاوہ لاہور سے جدہ کی ایک پرواز کراچی جبکہ دوسری اسلام آباد اتاری گئی، پی آئی اے کی العین سے پہنچی پرواز بھی اسلام آباد نہ اتر سکی جس کی لینڈنگ  لاہور میں کرائی گئی جبکہ شارجہ، دبئی اور اسلام آباد کی 5 پروازیں کراچی، لاہور ، پشاور اور  ملتان اتاری گئیں۔ 

اسلام آباد سے ملکی اور غیر ملکی 15 پروازوں کی روانگی کا شیڈول بھی موسم کی خرابی کے باعث تبدیل کر دیا گیا ہے۔

ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق دھند کی وجہ سے گزشتہ روز اسلام آباد اور مختلف ائیرپورٹس کی 30 پروازیں منسوخ کی گئی تھیں اور  دو دن میں منسوخ پروازوں کی تعداد 50 ہوگئی ہے۔

مزید خبریں :