Time 03 جنوری ، 2024
کھیل

خوشی ہے میری بیٹنگ سے پاکستان ٹیم مشکل سے نکلی، عامر جمال

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

آسٹریلیا کے خلاف سڈنی ٹیسٹ میں شاندار بیٹنگ کرنے والے پاکستان کے عامر جمال کا کہنا ہے کہ خوشی ہے میری بیٹنگ سے ہماری ٹیم مشکل سے نکلی، تنقید کرنے والوں کو خاموش کرانے کا بہترین طریقہ اپنی کاکردگی کو دکھانا ہوتا ہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے آخری میچ کی پہلی اننگز میں عامر جمال نے شاندار بیٹنگ کرکے شائقین کے دل جیت لیے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سڈنی میں کھیلے جارہے تیسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم 313 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے محمد رضوان نے 88 اور سلمان آغا نے 67 رنز بنائے جب کہ عامر جمال نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 82 رنز جوڑے جس پر شائقین انہیں داد دیے بغیر نہ رہ سکے۔

پہلے دن کا کھیل ختم ہونے کے بعد عامر جمال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ  انہیں اندازہ تھا کہ آسٹریلوی بولرز باؤنسر کریں گے، ٹیل اینڈر بیٹرز کو ہمیشہ وہ باؤنسر کرکے آؤٹ کرتے ہیں، اس لیے اس بار  میں طے کرکے گیا تھا جو مرضی کرلیں باؤنسر کا مقابلہ کروں گا۔

عامر جمال کا کہنا تھا کہ جب ڈیبیو ٹیسٹ کھیلا اس وقت کہا تھا جو رنز بھی بناؤں پاکستان ٹیم کے کام آئیں، خوشی ہے آج میری بیٹنگ سے پاکستان ٹیم مشکل سے نکلی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیشہ سخت محنت پر یقین رکھتا ہوں ،ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ سے بیٹنگ پریکٹس کا پوچھتا ہوں جبکہ بیٹنگ سے پہلے 45 منٹ شاہد اسلم سے بات کی جو بہت کام آئی، نصف سنچری کے بعد شاہد اسلم کی طرف ہی اشارہ کیا تھا۔

عامر جمال نے مزید کہا کہ بابر اعظم اچھا کھیل رہے ہیں بدقسمتی سے ان کے آؤٹ پر امپائر کال نہیں ہوئی، بعد میں دھوپ کی وجہ سے  پچ بیٹنگ کیلئے آسان ہوگئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ میرا پیشن ہے اور پیشن جب پروفیشن بن جاتا ہے تو انجوائے کیا جاتا ہے، بڑی محنت کر کے یہاں تک آیا ہوں، کبھی ہمت نہیں ہاری، پہلا ہدف پاکستان ٹیم میں جگہ بنانا تھا، اب یہی ہدف ہے کہ میری کاکردگی سے پاکستان ٹیم بلندی کی طرف جائے۔

مزید خبریں :