Time 03 جنوری ، 2024
کھیل

بھارتی بیٹنگ ریت کی دیوار ثابت: ٹیسٹ کی ایک اننگز میں سب سے زیادہ ’0‘ کا منفرد ریکارڈ قائم

فوٹو: ایکس
فوٹو: ایکس

جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں بھارت کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوگئی، ایک اننگز میں سب سے زیادہ '0' کا منفرد ریکارڈ قائم ہوگیا۔

کیپ ٹاؤن میں جاری دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میں جنوبی افریقی بولرز نے بغیر کوئی رن دیے بھارت کی 6 وکٹیں اڑا کر ٹیسٹ کرکٹ کی نئی تاریخ رقم کردی ۔ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی ٹیم نے بغیر کسی رن کے اضافے کے 6 وکٹیں گنوائیں ہوں ۔

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں جنوبی افریقا کی ٹیم پہلی اننگز میں 55 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی جس کے بعد ایک موقع پر بھارت نے چار وکٹ پر 153 رنز بنالیے تھے لیکن پھر جنوبی افریقی بولرز نے پانسہ پلٹا۔

پہلے لونگی اینگیڈی نے ایک اوور میں کے ایل راہول، روندرا جڈیجا اور جسپریت بمرا کو چلتا کردیا۔ اگلے اوور میں رباڈا نے ویرات کوہلی کو چلتا کیا ، پھر سراج رن آؤٹ ہوئے اور اس کے بعد پراسید کرشنا بھی رباڈا کا شکار ہوگئے ۔

یوں بھارت کی ٹیم بغیر کسی رن کا اضافہ کیے 6 کھلاڑیوں سے محروم ہوکر 153 پر ہی آل آؤٹ ہوگئی۔

اس میچ میں ٹیسٹ کی تاریخ میں پہلی بار ایک اننگز میں 7 کھلاڑیوں کے آگے '0 'درج ہوا، بھارت کے 6کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے، اور ایک بیٹر بغیر رن بنائے 0 پر ناٹ آؤٹ رہا۔

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

جنوبی افریقا کے خلاف یشاسوی جیسوال، شریاس ائیر، روندرا جڈیجا، جسپریت بمرا، محمد سراج اور پراسد کرشنا ڈک پر آؤٹ جبکہ مکیش کمار کوئی رن بنائے 0 پر ناٹ آؤٹ رہے۔

ایک اننگز میں پہلی بار ٹیم کے 7 کھلاڑی کوئی رن نہ بناسکے۔ بھارت نے 6 ڈکس کے ساتھ ایک اننگز میں سب سے زیادہ ڈکس کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا۔

اس سے قبل ٹیسٹ کرکٹ میں صرف 7 مرتبہ ایک اننگز میں 6  پلیئر صفر پر آؤٹ ہوئے تھے۔

مزید خبریں :