03 جنوری ، 2024
خیبرپختونخوا میں سال 2023 میں ٹیرر فنانسنگ کیسز کے اندراج میں اضافہ ہوا ہے۔
سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کی ٹیرر فنانسنگ کے حوالے سے رپورٹ 2023 جیو نیوز نے حاصل کرلی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سال 2023 میں ٹیرر فنانسنگ کیسز میں اضافہ ہوا ہے، خیبرپختونخوا میں سال 2022 کےدوران 90 جب کہ 2023 میں 298 ٹیرر فنانسنگ کےکیس درج ہوئے۔
سی ٹی ڈی دستاویزات کے مطابق ٹیرر فنانسنگ کیسز میں 960 افراد نامزد ہوئے جن میں 311 کوگرفتارکیا گیا جب کہ 44 ملزمان ہلاک ہو چکے ہیں۔
دستاویزات کے مطابق ٹیرر فنانسنگ کی مد میں 13 کروڑ 46 لاکھ کی ریکوریاں کی گئیں ہیں۔
پشاور ریجن میں سال 2022 میں 46 اور 2023 میں ٹیرر فنانسنگ کے 179 کیس درج ہوئے۔گزشتہ سال مردان میں 48، بنوں 21،ڈی آئی خان میں 13 کیس رجسٹرڈ ہوئے تھے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ سال 2022 اور 2023 کے دوران 16،16 کیسز میں ملزمان کو سزائیں بھی ہوئیں۔
سال 2022 میں 20 ملزمان کو سزائیں ہوئیں جب کہ گزشتہ سال صوبہ بھر میں 21 ملزمان کو سزائیں ہوئیں۔
گزشتہ سال پشاور ریجن میں ٹیرر فنانسنگ کے 179 کیسز میں صرف ایک ملزم کو سزا ہوئی۔
سی ٹی ڈی کے مطابق حوالہ ہنڈی، اسمگلنگ یا چندے کے نام پر دہشت گردوں کی مالی معاونت کرنے پر مقدمات درج کیےگئے۔