05 جنوری ، 2024
پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ آئین کے خلاف کوئی فیصلہ اور کوئی قرارداد قابل قبول نہیں۔
ایوان بالا (سینیٹ) نے ملک میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات ملتوی کرانے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی سربراہی میں ہونے والے سینیٹ اجلاس میں قرارداد کی منظوری کے وقت 14 سینیٹرز موجود تھے، اس دوران نگران وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی، (ن) لیگ کے سینیٹر افنان اللہ نے قرارداد کی شدید مخالفت کی۔
تاہم اس حوالے سے پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے کہ اور کہاکہ آئین کے خلاف کوئی فیصلہ اور کوئی قرارداد قابل قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن سے فرار ملک کو بحران سے دوچار کرسکتا ہے، سینیٹ میں ملک کی بڑی جماعتوں کی غیرموجودگی میں قرارداد کا کوئی جواز نہیں تھا۔
ان کا کہنا تھاکہ سینیٹ میں کورم بھی پورا نہیں تھا اس لیے اسے کثرت رائے کہنا درست نہیں۔