Time 05 جنوری ، 2024
پاکستان

سینیٹ قرارداد کے دوران کورم کی نشاندہی نہ کرنے پر پی ٹی آئی سینیٹر کو شوکاز جاری

سینیٹر گردیپ سنگھ سے 3 روز میں تحریری جواب طلب کرلیا گیا ہے— فوٹو: پی ٹی آئی
سینیٹر گردیپ سنگھ سے 3 روز میں تحریری جواب طلب کرلیا گیا ہے— فوٹو: پی ٹی آئی 

پاکستان تحریک انصاف نے سینیٹ میں انتخابات کے التوا کی قرارداد کی منظوری کے دوران کورم کی نشاندہی نہ کرنے پر سینیٹر گردیپ سنگھ کو اظہارِ وجوہ کا نوٹس جاری کردیا۔

نوٹس مرکزی سیکرٹری جنرل تحریک انصاف عمر ایوب خان کی جانب سے جاری کیا گیا۔ شوکاز میں کہا گیا ہے کہ سینیٹر گردیپ سنگھ وضاحت کریں کہ ایوان میں انہوں نے کورم کی نشاندہی کیوں نہیں کی؟ اور انتخابات التوا کی قرارداد کی مخالفت کیوں نہیں کی؟

سینیٹر گردیپ سنگھ سے 3 روز میں تحریری جواب طلب کرلیا گیا ہے اور مزید کہا گیا ہے کہ سینیٹر گردیپ سنگھ نے جواب نہ دیا یا ان کا جواب تسلی بخش نہ ہوا تو کارروائی کی جائے گی۔

سینیٹر گردیپ سنگھ انتخابات کے التوا کی قرارداد کی منظوری کے دوران ایوان میں موجود تھے۔

خیال رہے کہ ایوان بالا (سینیٹ) نے ملک میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات ملتوی کرانے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی سربراہی میں ہونے والے سینیٹ اجلاس میں قرارداد کی منظوری کے وقت ایوان میں 14 ارکان موجود تھے، خیبرپختونخوا سے آزاد سینیٹر دلاور خان نے الیکشن التوا کی قرارداد پیش کی، قرارداد کی بی اے پی ارکان اور فاٹا سے رکن ہدایت اللہ نے حمایت کی۔

پی ٹی آئی کے سینیٹرگردیپ سنگھ اور پیپلزپارٹی کے رکن بہرہ مند تنگی نے خاموشی اختیار کی، ایوان میں موجود مسلم لیگ ن کے رکن افنان اللہ نے قرارداد کی مخالفت کی۔

مزید خبریں :