Time 07 جنوری ، 2024
پاکستان

ملک خطرات کے باوجود الیکشن میں جاسکتا ہے، نگران وزیر اطلاعات

الیکشن کی تاریخ دینا یا الیکشن کی تاریخ میں تبدیلی کرنا الیکشن کمیشن کی ذمے داری ہے: وفاقی وزیراطلاعات/فوٹوفائل
  الیکشن کی تاریخ دینا یا الیکشن کی تاریخ میں تبدیلی کرنا الیکشن کمیشن کی ذمے داری ہے: وفاقی وزیراطلاعات/فوٹوفائل 

 نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے ہماری سکیورٹی فورسز باصلاحیت ہیں، ملک خطرات کے باوجود الیکشن میں جا سکتا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے جیو نیوز کے پروگرام ’ نیا پاکستان ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ الیکشن کے التوا سے متعلق سینیٹ کی قرارداد پر تبصرہ نہیں کریں گے، نگراں حکومت کسی ایسی سرگرمی کا حصہ نہیں بنے گی جس سے الیکشن کمیشن کے کام میں مداخلت ہو ۔ 

ایک سوال پر  وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت کا کام ججوں کے تبصرے پر تبصرہ کرنا نہیں، عدالتی فیصلوں پر عمل درآمد کرانا ہے، فیصلہ غلط لگا تو چیلنج کر دیں گے۔

انھوں نے مزید کہا کہ  الیکشن کی تاریخ دینا یا الیکشن کی تاریخ میں تبدیلی کرنا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں 8 فروری کو انتخابات منعقد ہوں گے، عام انتخابات کیلئے امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے جا چکے ہیں، مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے اپنے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

دو روز قبل سینیٹ سے الیکشن کے التوا سے متعلق ایک قرارداد منظور کی گئی تھی جس کے جواب میں گزشتہ روز جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے ایوان بالا سے منظور ہونے والی قرارداد کو کالعدم قرار دینے کے لیے سینیٹ سیکرٹریٹ میں ایک اور قرارداد جمع کرائی ہے۔

مزید خبریں :